بڈگام: وسطی کشمیر کے بڈگام اور سرینگر اضلاع میں یوم اربعین کے موقع پر انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام مرکزی جلوس عزا آستانہ عالیہ، بڈگام سے امام باڑہ بڈگام اور زیلدار محلہ تا امام باڑہ حسن آباد، سرینگر برآمد کئے گئے۔ جلوس عزا میں سینکڑوں عزاداروں نے شرکت کی۔ مرکزی امام باڑہ بڈگام میں مجلس اربعین سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے یوم اربعین کا تاریخی پس منظر بیان کیا۔
انہوں نے کہا کہ یوم اربعین تحریک کربلا سے تجدید وفا کا ایک تاریخ ساز دن ہے، اسی روز دو برگزیدہ اصحاب رسول صلی اللہ علیہ وسلم حضرت جابر بن عبداللہ انصاری رضی اللہ عنہ اور حضرت یحییٰ مکی رضی اللہ عنہ اپنے اقارب کے ساتھ وارد کربلا ہوئے۔ زیارت شہدائے کربلا انجام دی اور امام عالمی مقام حضرن حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی قبر مبارک پر یزید کے خلاف رائے عامہ منظم کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوم اربعین کربلاے معلیٰ جاکر زیارت سید الشہدا بجا لانے کا ایک مخصوص دن ہے۔ آغا سید حسن کے مطابق ائمہ کرام نے اربعین کے روز عزاداری اور زیارت شہدائے کربلا کی تاکید کی ہے۔
مزید پڑھیں: Hazrat Ali Birth Anniversary Celebration حضرت علی کی یوم پیدائش کے موقع پرکانپور میں جلوس کا اہتمام
زیلدار محلہ سعدہ کدل، سرینگر میں آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی نے عزاداروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اربعین حسینی کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی۔ آغا مجتبی نے کہا کہ ’’چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر کربلاے معلی میں سفر عشق کے نام سے دنیا کا سب سے بڑا اجتماع منعقد ہوتا ہے۔ اس سے یوم اربعین کی اہمیت اور افادیات اور بھی واضح ہوتی ہے۔ اس سفر عشق کا تعلق حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے مشن انسانیت کے ساتھ ہے یہی وجہ ہے کہ اس کاروان عشق میں تمام مذاہب کے لوگ شامل ہوتے ہیں۔