ڈی سی بڈگام شہباز احمد مرزا نے آج ایک مہینے تک چلنے والے روڈ سیفٹی پروگرام کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سی ایم او بڈگام ڈاکٹر تجمل حسین، ایس ایس پی بڈگام امود اشوک ناگپور اور اے آر ٹی او بڈگام جمشید ملک بھی موجود رہے۔
ڈی سی آفس بڈگام سے پروگرام کا افتتاح کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں کئی ڈرائیوروں، ٹرانسپورٹروں اور موٹر وہیکل محکمے کے کئی افسروں نے حصہ لیا۔
اے آر ٹی او بڈگام نے کہا کہ' گزشتہ برسوں تک یہ پروگرام صرف ایک ہفتے تک ہی منایا جاتا تھا لیکن اس برس سے یہ ایک مہینے تک جاری رہے گا۔'
انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام سترہ فروری تک جاری رہے گا۔ جمشید ملک نے یہ بھی کہا کہ پروگرام کامقصد لوگوں کو موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت روڈ سیفٹی کے حوالے سے معلومات فراہم کرنا ہے۔
خاص طور پر نوجوانوں میں بیداری پیدا کرنے کے لیے روڈ سیفٹی مہم چلایا جارہا ہے تاکہ روڈ سیفٹی کو بہتر بنایا جاسکے اور تمام شراکت داروں کو موقع دیا جائے کہ وہ روڈ سیفٹی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ اس ماہ کے دوران، اسکول، کالج کے طلباء، ڈرائیوروں اور دیگر تمام سڑک صارفین کے ساتھ مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کرتے ہوئے سڑک حادثات کی مختلف وجوہات اور ان سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں آگاہی کو اجاگر کیا جائے گا۔ ان سرگرمیوں میں بینرز، واک تھان، ہدایتی علامات اور روڈ سیفٹی سے متعلق پرچے شامل ہیں۔
ڈی سی بڈگام نے اس دوران اس بات پر زور دیا کہ گاڑی چلانے کے دوران روڈ سیفٹی کے قوانین کا دھیان رکھا جائے۔ آخر میں ایک ریلی کا بھی انعقاد کیا گیا۔ جو ڈی سی آفس بڈگام سے اے آر ٹی او دفتر تک مذکورہ ریلی نکالی گئی۔