جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام میں آج عالمی یوم مادری زبان کے موقع پر ادبی تقریب منعقد کی گئی۔ پروگرام میں مقررین نے مادری زبان کے حوالے سے حاضرین کو جانکاری فراہم کی۔ اس دوران کشمیری زبان کے تحفظ کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
مقررین نے کہا کہ ایک بچے کو مادری زبان سکھانا نہایت ضروری ہے کیونکہ ایک قوم کی پہچان اس کی زبان سے ہی ہوتی ہے۔ پروگرام میں کورونا وائرس کے پیش نظر سماجی خدمت انجام دینے والے افراد کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔
پروگرام میں مہمان خصوصی ناظم نذیر اور چیئرمین میونسپل کونسل بڈگام معراج الدین نے کشمیری زبان کے لیے کام کرنے والے افراد کو اعزازات سے بھی نوازا۔ اس دوران میر محمد گلزار کی کتاب کشیر ہنز جڈی بوٹی شائع کی گئی۔
تقریب میں کئی شعرا نے اپنا کلام پیش کیا۔ انہوں نے اپنے اپنے کلام کے ذریعے لوگوں کو پیغام دیا کہ مادری زبان سیکھنا کتنا اہم ہے۔
وہیں پروگرام میں نوجوان گلوکار فیروز احمد شاہ اور اس کے ساتھیوں نے سامعین کو محظوظ کیا۔ پروگرام کے منتظمین نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد لوگوں کو مادری زبان کے تحفظ کے لیے بیدار کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
کشتواڑ میں سڑک حادثہ، ایک ہی کنبے کے تین افراد ہلاک
پروگرام میں موجود لوگوں کا کہنا تھا کہ مادری زبان کو فروغ دینے کے لئے والدین پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو دوسری زبانوں کے ساتھ ساتھ مادری زبان کا بھی درس دیں۔