بڈگام (جموں و کشمیر): وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں جموں و کشمیر پولیس اور سیول انتظامیہ نے پوست کی کاشت کے خلاف کارروائی تیز کر دی ہے۔ ایس ایس پی بڈگام اور ڈی سی بڈگام کی زیر نگرانی جموں و کشمیر پولیس، ایکسائز محکمہ اور ریونیو اہلکاروں کے مشترکہ ٹیم نے ضلع کے دو مختلف علاقوں میں دو کنال اراضی پر کی جا رہی پوست کی کاشت کو تباہ کر دیا۔ عہدیداروں کے مطابق بڈگام انتظامیہ کو اطلاع موصول ہوئی کہ ضلع کے چرار شریف اور یاری ستھرو علاقوں میں پوست کی کاشت کی جا رہی ہے جس کے بعد انتظامیہ نے فوری طور ٹیم کو دونوں علاقوں میں روانہ کیا جنہوں نے مقامی باشندوں کے ساتھ مل کر پوست کی کاشت کے خلاف کاروائی عمل میں لائی۔
عہدیداروں نے بتایا کہ پوست کی کاشت کے خلاف یہ مہم علاقے میں منشیات کے استعمال اور پھیلاؤ کو روکنے کی کوششوں کا ایک حصہ ہے۔ پولیس نے اس ضمن میں ایف آئی آر 35/2023 اور 68/2023 قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت بالترتیب پولیس اسٹیشن چرار شریف اور پولیس اسٹیشن خانصاحب میں درج کر لئے ہیں۔ بڈگام پولیس اور ضلع انتظامیہ نے عوام سے منشیات کے خاتمے کے خلاف حکومت کی اس مہم میں اپنا تعاون پیش کرنے کی اپیل کی ہے۔
مزید پڑھیں: Drive Against Poppy Cultivation: پوست کی کاشت کے خلاف شوپیاں میں کارروائی
واضح رہے کہ پوست کی کاشت اور اس کے کاروبار پر پوری طرح پابندی عائد ہے اور پوست کی کاشت، منشیات فروشی کے خلاف انتظامیہ کی جانب سے سال بھر مہم جاری رہتی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ معاشرے سے منشیات کا پوری طرح قلع قمع کرنا صرف حکومتی اداروں کے بس کی بات نہیں بلکہ اس میں عوامی تعاون ناگزیر ہے۔