بڈگام: وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ڈپٹی کمشنر بڈگام، ایس ایف حامد نے یوسمرگ میں 15 روزہ بنیادی اسکیئنگ کورس کا افتتاح کیا۔ افتتاح کے موقع پر ایک مختصر تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈی سی بڈگام نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے ضلع میں سال بھر سیاحتی سرگرمیوں کو جاری رکھنے اور یوسمرگ جیسے سیاحتی مقامات، جہاں اسکینگ کے وسیع تر امکانات موجود ہیں، کو ونٹر ٹورزم کے طور پر پروموٹ کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر کے دیگر معروف مقامات کی طرح یوسمرگ، دودھ پتھری، نلہ ناگ اور توسہ میدان وغیرہ - جو دارالحکومت خصوصاً سرینگر ائیرپورٹ کے نزدیک ہیں - کو اسکینگ ریزارٹ کے طور پر پروموٹ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا اس حوالہ سے انتظامیہ سنجیدگی کے ساتھ غور و خوض کر رہی ہے اور ونٹر ٹورزم کو فروغ دینے کے حوالہ سے مستقبل میں بھی اس طرح کے پروگرامز منعقد کیے جائیں گے۔
ضلع انتظامیہ بڈگام کے تعاون سے محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کے زیر اہتمام یوسمرگ میں منعقدہ اسکینگ کورس میں وادی بھر کے 60 سے زائد طلباء نے شرکت کی۔ محکمہ اسپورٹس کی سراہنا کرتے ہوئے ڈی سی نے کہا کہ ’’یوسمرگ میں سکی ایونٹ کا انعقاد نہ صرف سرمائی کھیلوں کو فروغ دے گا بلکہ اس خوبصورت سیاحتی مقام کے لیے سیاحوں کو بھی اپنی طرف متوجہ کرے گی۔‘‘
مزید پڑھیں: Tourists Turn Towards Dudh Pathri دودھ پتھری کی جانب سیاحوں کا رخ
انہوں نے اسکینگ کورس میں شامل طلبہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ سکینگ کورس کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ضلع انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔ دریں اثناء، انہوں نے ’’کھیلو انڈیا پروگرام‘‘ جو آئندہ ہفتے سے وادی کشمیر میں شروع ہو رہا ہے، کے انعقاد پر منتظمین کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اسے سے نہ صرف سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو رہا ہے بلکہ نوجوان کھیل کود کی جانب راغب ہو رہے ہیں۔