بڈگام (جموں کشمیر) : وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ایک 62 سالہ شخص، جو پیشہ سے بڑھئی ہے، ضلع کے چاڈورہ علاقے کے ریپورہ گاؤں میں مکان کی چھت سے گر کر فوت ہو گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ ایک متوفی، مکان کی چھت پر کام کر رہا تھا جس دوران وہ اپنا توازن کھو بیٹھا اور پھسل کر نیچے جا گرا جس کے نتیجے اس کی موت واقع ہو گئی، تاہم بڑھئی کو مقامی باشندوں نے فوری طور پر نزدیکی اسپتال پہنچایا جہاں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں کے مطابق اسپتال پہنچانے سے قبل ہی بڑھئی کی موت واقع ہو چکی تھی۔
ایک اہلکار نے چھت پر سے گر کر بڑھئی کی موت کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے متوفی بڑھئی کی شناخت عبد الصمد نجار ولد غلام قادر نجار ساکنہ کھیری، گنڈ، چاڈورہ کے طور پر کی ہے۔ حکام نے بتایا کہ ایک رہائشی مکان کی چھت پر سے نیچے گر کر اس کی موت واقع ہو گئی ہے، جس کے بعد اسے فوری طور پر علاج کے لیے سب ڈسٹرکٹ اسپتال چاڈورہ لے جایا گیا تاہم بڑھئی کی موت اس سے قبل ہی واقع ہو چکی تھی۔
مزید پڑھیں: Man Falls From Walnut Tree ترال میں اخروٹ کے درخت سے گر کر شہری جاں بحق
پولیس نے اس واقعے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے اس ضمن میں مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ چند روز قبل ضلع کے کھاگ علاقے میں پونچھ (صوبہ جموں) کا رہنے والا ایک 45 سالہ شخص اخروٹ کے درخت پر سے گر کر فوت ہو گیا تھا۔ واضح رہے کہ ان دنوں وادی کشمیر میں پھل بشمول، سیب، بادام، اخروٹ ناشپاتی تقریباً پک کر تیار ہو چکے ہیں اور ان پھلوں کو درختوں سے اتارنے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ فصلوں کی کٹائی، درختوں پر سے میوہ اتارنے کے لئے وادی کشمیر میں آج کے دور میں بھی مشینری استعمال نہیں کی جاتی اور بیشتر عمل ہاتھوں سے ہی انجام دیا جاتا ہے اور چالیس سے پچاس فٹ اونچے اخروٹ کے درختوں پر سے گر کر ہر سال متعدد افراد ہلاک یا عمر بھر کے لیے معذور ہو جاتے ہیں۔