قدرتی آبی ذخائر سے مالا مال ہونے کے باوجود وادی کشمیر میں آئے روز پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کے سبب لوگ احتجاج کر رہے ہیں۔
وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے وڈون علاقے کے لوگوں نے پانی کی قلت کے حوالے سے محکمہ جل شکتی کے خلاف احتجاج کیا۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے وڈون کے باشندوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے ضلع میں لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کی غرض سے کئی اسکیموں پر کام شروع کیا، تاہم انکے مطابق وڈون کے لوگوں کو ابھی تک صاف پانی فراہم کرنے میں محکمہ جل شکتی ناکام ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پینے کا صافی پانی میسر نہ ہونے کے سبب مقامی لوگ ندی نالوں کا گندہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں جس کے سبب علاقے کے لوگ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو چکے ہیں۔
مقامی لوگوں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں آج تک کئی اسکیموں کے تحت پانی کی پائپ لائن نصب کی گئی تاہم انکے مطابق صرف وڈون کو ہی پینے کے صاف پانی سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: بڈگام: نارکرہ علاقے میں سڑک بحال کرنے کا مطالبہ
انہوں نے مزید کہا کہ انکے ساتھ اعلیٰ افسران سمیت منتخب نمائندوں نے بھی کئی وعدے کئے تاہم انہیں آج تک وفا نہیں کیا گیا۔
وڈون کے باشندوں نے انتظامیہ سے علاقے میں پینے کا صاف پانی مہیا کرانے کے لیے سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات اٹھائے جانے کی اپیل کی ہے۔