بڈگام: وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں جموں و کشمیر پولیس نے ہائر سیکنڈری اسکول، سویہ بگ میں منشیات سے بچاؤ کے موضوع پر ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا جس میں طلبہ کو منشیات کے نقصانات سے ذاتی و معاشرتی نقصانات نے آگاہ کرنے کے علاوہ انہیں منشیات سے دور رہنے کی تلقین کی گئی۔ بیداری پروگرام میں مدعو کیے گئے مقررین نے طلبہ کو پند و نصائح سے بھی نوازا۔
تقریب میں خطاب کرتے ہوئے مقررین نے بتایا کہ ’’نشہ آور اشیاء کی نشاندہی کرنے میں اسکول انتظامیہ کا ایک اہم ترین کردار ہے کیونکہ وہ بچوں کے ساتھ ہر طرح سے منسلک ہوتے ہیں۔‘‘ مقررین نے منشیات کا تدارک کرنے کے لئے اسکول انتظامیہ کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ مقررین نے بتایا کہ نشے سے ہونے والے نفسیاتی بیماریاں اور سماج پر مرتب ہونے والے اثرات کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کی بدعت سے دور رکھنے میں کامیابی حاصل کی جا سکے۔
منشیات کی لت سے بچاؤ کے مختلف پہلوؤں کو طلباء کے سامنے پیش کیا گیا اور نوجوانوں کو کن اور کیسے احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونا چاہئے ان پر بھی خصوصی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں شرکاء نے کسی بھی قسم کی نشہ آور اشیاء کے استعمال میں ملوث نہ ہونے کا عہد کیا۔ بیداری پروگرام میں تقریباً 100 طلباء اور اساتذہ کرام نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں: Drug De Addiction Awareness Programme سمبل اور سوناواری میں منشیات مخالف بیداری پروگرام
قابل ذکر ہے کہ بڈگام پولیس ضلع بھر میں اس طرح کے پروگرامز مختلف اسکولوں اور کالجوں میں منعقد کرتی ہے۔ بڈگام پولیس نہ صرف منشیات فروشوں کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں بلکہ نوجوانوں کو اس بدعت سے دور رکھنے کے لیے بھی اس طرح کے پروگرامز منعقد کرتی ہے۔