بڈگام (جموں و کشمیر): پولیس اسٹیشن بڈگام میں درج ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 81/2023 میں بڈگام قصبہ سے تعلق رکھنے والے دو منشیات فروشوں کو ہیروئن نما مادہ کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا اور اسی کیس کی تفتیش کے دوران دونوں منشیات فروشوں کے انکشاف پر بڈگام کے ہی شیخ پورہ علاقے سے مزید دو افراد کو ہیروئن سمیت گرفتار کر لیا گیا تھا۔
بڈگام پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش کے دوران ایک اور بدنام زمانہ منشیات فروش جس کی شناخت سید تصدق شفیع ولد محمد شفیع شیخ ساکنہ موم خان، بادام واری سرینگر کے طور پر کی گئی ہے کو بھی گرفتار کیا گیا ہے اور اس کے پاس سے 884 گرام ہیروئن نما مادہ اس کے گھر سے برآمد ہوا اور ساتھ ہی 88,700 روپے نقد رقم بھی برآمد کی گئی ہے۔ بڈگام پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے اور کیس میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
واضح رہے کہ بڈگام پولیس نے رواں برس اب تک 36 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے۔ ان ملزمین - منشیات فروشوں - کی تحویل سے بھاری مقدار میں منشیات بھی ضبط کر لی گئی ہے۔ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران رواں برس بڈگام سمیت دیگر اضلاع میں بھی کئی منشیات فروشوں، عادی مجرموں پر پبلک سیفٹی ایکٹ کا اطلاق کرکے انہیں جیل بھیج دیا گیا ہے۔ یونین ٹیریٹری میں پولیس کی یہی کوشش ہے کہ منشیات فروشی کا قلع قمع کیا جائے اور ساتھ ہی نئی نسل کو منشیات سے دور رکھا جائے۔
مزید پڑھیں: Bootlegger Arrested بڈگام میں بوٹلیگر گرفتار، شراب کی 12 بوتلیں برآمد