بڈگام (جموں و کشمیر) : وسطی کشمیر کے بدگام ضلع میں جمون و کشمیر پولیس نے لال پورہ، کراسنگ پر ناکہ چیکنگ کے دوران ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ بڈگام پولیس کا کہنا ہے کہ ناکہ چیکنگ کے دوران پولیس اسٹیشن بیروہ پولیس پارٹی نے ایک شخص کو مشکوک حالات میں گھومتے دیکھ اسے رکنے کا اشارہ کیا، پولیس بیان کے مطابق، اُس شخص نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم ناکہ پر تعینات پولیس پارٹی نے اس کا تعاقب کرکے اسے دھر لیا۔ بڈگام پولیس کا کہنا ہے کہ اُس شخص کی تلاشی کے دوران پولیس پارٹی کو مکئی کے پتوں میں چھپایا گیا چرس، Anxit-0.5 کی 03 سٹرپس، الپرازولم گولیاں (45 عدد) برآمد ہوئیں۔
بڈگام پولیس نے منشیات فروش کو موقع پر ہی گرفتار کرکے منشیات کو ضبط کر لیا۔ پولیس نے گرفتار کیے گئے منشیات فروش کی شناخت توصیف احمد وانی ولد غلام محمد وانی ساکنہ لالپورہ، بیروہ کے طور پر کی ہے۔ اس ضمن میں بڈگام پولیس نے ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 32/2023 قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن بیروہ میں درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بڈگام پولیس نے رواں برس اب تک ضلع بھر میں مختلف کارروائیوں کے دوران 23 منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے انہیں سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے۔ بڈگام پولیس نے عوام سے منشیات فروشی سے متعلق کسی بھی معلومات کو حکام تک پہنچانے اور سماج سے منشیات کا پوری طرح قلع قمع کرنے میں پولیس کو تعاون فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
مزید پڑھیں: بڈگام: منشیات کی لت سے نوجوانوں کو بچانے کی ہر تدبیر ناکام