ریاست بہار کے ضلع نالندہ کے بھاگن بیگہا پولیس آﺅٹ پوسٹ علاقہ میں جہیز کے لیے ایک خاتون کو قتل کرنے کا معاملہ منظرعام پر آیا ہے۔
پولیس نے بتایاکہ دھماسانگ گاﺅں کے رہنے والے دیپک کمار پاسوان کی شادی سنہ 2011 میں پرمیلا دیوی کے ساتھ ہوئی تھی، شادی کے بعد سے ہی سسرال والے جہیز کے لیے پرمیلا کو پریشان کیا کرتے تھے۔
گذشتہ مہینے دیپک نے سسرال والوں سے مویشی خرید نے کے لیے پچاس ہزار روپے کا مطالبہ کیا تھا۔
سسرال والوں کی جانب سے روپے نہیں دینے پر سسرال کے لوگوں نے پرمیلا کے ساتھ مار پیٹ کرکے اسے گھر سے نکال دیا تھا، تب سے وہ میکے میں رہ رہی تھی۔
خیال رہے کہ ایک ہفتہ قبل پرمیلا کا شوہر اسے اپنے گھر لیکر آگیا، سوموار کی رات سسرال کے لوگوں نے پرمیلا کے ساتھ مار پیٹ کرنے کے بعد اس کا گلا دبا کر قتل کردیا، تاہم اس واقعہ کے بعد سے سسرال کے سبھی لوگ فرار ہیں۔
اطلاع کے مطابق اس سلسلے میں متوفیہ کے بھائی نے پرمیلا کے شوہر سمیت سات لوگوں کے خلاف قتل کا معاملہ درج کرایا ہے۔
وہیں پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بہار شریف صدر ہسپتال بھیج دیا ہے، تاہم پولیس ملزمین کی گرفتاری کے لیے چھاپے ماری کر رہی ہے۔