کٹیہار: ریاست بہار کے کٹیہار کے بلیا بیلون تھانہ علاقے کے سنگھ پور گاؤں میں منگل کی دیر رات تین لوگوں کا قتل کر دیا گیا۔ ملزمان نے خاتون اور اس کے دو بچوں کو گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔ معلومات کے مطابق گھر میں ہی خاتون، اس کی آٹھ سالہ بیٹی اور پانچ سالہ بیٹے کی خون میں لت پت لاشیں ملیں۔ یہ واقعہ ضلع کے بلیا بیلون تھانہ علاقہ کا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ متوفی کا شوہر گاؤں کے قریب محرم میلہ دیکھنے گیا ہوا تھا۔ اسی دوران ملزمان نے گھر میں گھس کر واردات کو انجام دیا۔ پہلے تو شرپسندوں نے مقتولہ کو زندہ جلانے کی کوشش کی لیکن جب وہ انہیں جلانے میں ناکام رہے تو انہوں نے مقتولہ اور اس کے بچے کا گلا کاٹ کر بے دردی سے قتل کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: Muzaffarpur Firing مظفر پور میں پراپرٹی ڈیلر سمیت تین افراد کا قتل
خاتون کا شوہر فیروز دہلی میں رہتا ہے اور محنت مزدوری کرتا ہے، اس وقت وہ کٹیہار آیا ہوا ہے، لیکن واقعہ کے وقت گھر پر نہیں تھا۔ اس کی بیوی اپنے دو بچوں کے ساتھ گھر میں سوئی ہوئی تھی۔ اسی دوران شرپسند آئے اور سوئے ہوئے ماں، بیٹے اور بیٹی کے جسموں پر مٹی کا تیل چھڑک دیا۔ مٹی کے تیل کے چھڑکاؤ نے سب کی نیندیں اڑا دیں اور اس سے پہلے کہ تینوں کوئی شور مچاتا، شرپسندوں نے ان کے گلے کاٹ ڈالے۔اس معاملے میں برسوئی کے ایس ڈی پی او پریم ناتھ رام نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور جائے وقوع سے مٹی کا تیل اور قتل میں استعمال ہونے والا ہتھیار برآمد کرلیا۔ واقعہ کس نے اور کیوں انجام دیا اس کی تحقیقات جاری ہیں۔ قتل کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ فی الحال لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے کٹیہار صدر اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔