اس تعلق سے ملک بھر کے علمأ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وبا سے بچنے کے لیے شب برات کی عبادات اپنے گھروں میں ہی کریں۔
اسی کڑی میں ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو کے دوران ریاست بہار کے ضلع کشن گنج کے معروف عالم دین مولانا خالد قیصر نے کہا کہ تمام مسلمانوں سے گزارش ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہ اپنے گھروں میں عبادت کریں اور پروردگار سے دعا مانگیں کہ ملک کے حالات بہتر ہوں اور اللہ تعالیٰ اس بیماری سے تمام انسانوں کو محفوظ رکھے۔
خالد قیصر نے مزید کہا کہ کورونا وائرس سے بچنے کی ابھی تک کوئی دوا دریافت نہیں ہوئی ہے اس کا واحد علاج دوری اختیار کرنا ہے ایسے میں تمام مسلمانوں کو چاہیے کہ مسجد اور قبرستان جانے سے احتیاط برتیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسلمان طبقہ کی جانب سے آج کی رات کوئی ایسی حرکت نہ ہو جس سے قانون شکنی ہو۔