گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا میں یتیم اور ضرورت مند طلبا و طالبات کی امداد کے لیے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پچاس یتیم بچوں کو گرم ملبوسات اور اسٹیڈی میٹیریل فراہم کیا گیا۔ اس تقریب کا انعقاد آمس بلاک کے بیدا گاؤں میں واقع گاندھی آزاد پبلک اسکول میں ہوا۔ اس موقع پر شوکت علی نے بتایا کہ کور متھو، بیدا، شیخ بیگھہ، پرانپور، نیما اور اکونا وغیرہ کے پچاس یتیم طلبا و طالبات کو کمبل اور اسٹڈی میٹیریل وغیرہ دیے گئے ہیں۔ Warm Clothes and Study Material given to Orphans During an event in Gaya Bihar
انہوں نے مزید کہا کہ گلوبل انگلش سینٹر، کیریر مبارک امیتابھ بھاردواج ٹرسٹ اور ہوپ فاؤنڈیشن نے مشترکہ طور پر اس تقریب کا انعقاد عمل میں لایا تھا۔ تقریب میں مہمان خصوصی آمس بی ڈی او ڈاکٹر آ تلیہ کمار آریہ، پرمکھ خان، سماجی کارکن عمران علی، مکھیا کشور مانجھی، ضلع پریشد نمائندہ ببلو کمار وغیرہ شامل ہوئے۔ سبھی مہمانوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ یتیم بچوں کی مدد کرنا بہت بڑا نیک کام ہے۔
مزید پڑھیں: Blankets Distribution in Rampur: انجمن فلاح انسانیت کی جانب سے ضرورت مندوں کے درمیان کمبل تقسیم
انہوں نے کہا: ’’ہر صلاحیت مند اگر ایک بچے کی تعلیم کا ذمہ اٹھا لے تو تعلیمی شرح بڑھے گی اور معاشرہ مہذب ہونے کے ساتھ ساتھ خود کفیل ہوگا۔‘‘ بی ڈی او اتلیہ کمارنے کہا کہ ’’حکومت کی جانب سے یتیم اور بے سہارا طالب علموں کی مدد کی جاتی ہے۔ ایسے بچوں کی تعلیم کسی بھی صورت میں نہیں رکے اس کا خیال رکھا جائے۔‘‘ مہمانوں نے آخر میں یتیم بچوں کے ساتھ ایک دسترخوان پر بیٹھ کر کھانا بھی کھایا۔ اس پروگرام کے ذریعے غریب اور بے سہارا بچوں کی تعلیم پر توجہ مبذول کرانا ہی اصل مقصد تھا۔ اس میں انتظامیہ کے افسران سمیت شہر و اطراف کے معززین اور تعلیمی اداروں سے وابستہ شخصیات موجود تھیں۔