ریاست بہار کے ضلع گیا میونسپل کارپوریشن کے وارڈ کونسلر کے بیٹے پر کارپوریشن کے ملازم کو زدوکوب کرنے کاالزام لگا ہے۔
ملازمین کا مطالبہ ہے کہ ملزم کو فوراً گرفتار کیا جائے اور ان سبھی وارڈ کونسلر پر کاروائی ہو جو ملازمین کے ساتھ بدسلوکی کے ساتھ پیش آتے ہیں۔
گذشتہ دنوں ملازمین یونین نے مارچ نکال کراحتجاج بھی کیا تھا۔
ضلع گیا میونسپل کارپوریشن کے وارڈنمبر 36 کی کونسلر رابعہ خاتون کے بیٹے نواب نے کارپوریشن کے ملازم کے ساتھ مارپیٹ کی ہے۔ جس کی مخالفت میں ہفتہ سے میونسپل کارپوریشن کے ملازمین ہڑتال پرہیں۔
کارپوریشن ملازمین کا مطالبہ ہے کہ ملزم وارڈ کونسلر کے بیٹے کو بلا تاخیر گرفتار کیا جائے۔
میونسپل کارپوریشن ہاؤسنگ اسکیم کے ملازم نشانت کمار نے بتایا کہ وہ ڈی آر ڈی اے آفس میں ڈپٹی میونسپل کمشنر ایئر کے پاس بیٹھے تھے ۔ وہ ہاؤسنگ اسکیم کے دفتر میں کام کررہے تھے ۔ اسی دوران وارڈ نمبر 36 کی کونسلر رابعہ خاتون کے بیٹے محمد نواب اور محمد معصوم آئے اور کہا کہ میرا کام کیوں نہیں ہو رہا ہے۔ جس پر جواب دیا کہ آپ کا کام چل رہا ہے جو جلد ہی پورا کرلیاجائے گا۔
اتنے میں محمد نواب نے آفس میں شور مچانا شروع کردیا اور نازیباالفاظ کا استعمال کرنے لگے۔
جس کے بعد نائب میونسپل کمشنر ایئر نے انہیں وہاں سے ہٹا یا۔ پھر محمد نواب نے کچھ دوسرے ساتھیوں کو بلایا اور دفتر میں ہی ان پر حملہ کردیا۔ انہوں نے کہاکہ مجھ پر حملہ کرنے والوں کی فوری گرفتاری ہو۔ اگر گرفتاری نہیں ہوتی ہے تو ہڑتال جاری رہے گی۔
ادھر لوکل باڈیز ایمپلائز فیڈریشن کے صوبائی صدر شیوبچن شرما نے کہا کہ وارڈ کونسلر کی غنڈہ گردی میں اضافہ ہوا ہے۔ وارڈ کونسلر ملازمین کے ساتھ اکثرمارپیٹ کرتے رہتے ہیں۔
صرف چند ہی وارڈ کونسلر ہیں، جو معاشرے کے مفاد کے لئے کام کرتے ہیں۔
وارڈ کونسلر ملازمین کے ساتھ اس طرح سلوک کرتے ہیں، جیسے انہوں نے میونسپل کارپوریشن کو اپنے گھر میں رکھا ہوا ہو۔
انہوں نے کہا کہ وارڈ کونسلر کے بیٹے کی گرفتاری تک غیر معینہ مدت کی ہڑتال جاری رہے گی۔ اعلیٰ حکام کو اس معاملے میں مداخلت کرنی چاہئے۔