ریاست بہار کے ضلع گیا میں ووٹر لسٹ میں کسی طرح کی کمی یا نام، پتہ میں غلطی ہو گی اس کا یکم اکتوبر سے 15 اکتوبر تک درستگی کا کام کیا جائے گا۔
قومی الیکشن کمیشن کے نئے ضابطے کے تحت اب کوئی بھی اپنے شناختی کارڈ یا ووٹر فہرست میں غلطیوں کو آن لائن تصحیح کرسکتا ہے۔ اس کے علاوہ ووٹر لسٹ میں موجود غلطیوں کے سدھار اور کمیوں کو دور کرنے کے لیے بوتھ لیول افسر گھر گھر جاکر بھی کام کررہے ہیں۔
ضلع الیکشن افسر ابھیشیک سنگھ نے بتایا کہ اس برس ووٹر لسٹ کی مکمل تصدیق کے لیے الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے۔جس کے تحت یکم اکتوبر سے اس کی شروعات کی جائےگی۔
جن کے ووٹر لسٹ میں کسی طرح کی کمی ہویا اس میں نام ، پتہ ، والد کے نام میں غلطی ہوتو اس کو درست کیا جائے گا۔پندرہ اکتوبر تک یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔
انہوں نے کہا کہ عام شہری ووٹر ہیلپ لائن، موبائل ایپ اور این وی ایس پی پورٹل کے ذریعے ووٹر لسٹ کو بہتر بناسکتے ہیں۔ اس کے لیے، پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس، آدھار کارڈ، راشن کارڈ، بینک پاس بک ، کسان شناختی کارڈ یا کمیشن کے ذریعہ منظور شدہ دیگر دستاویزات کو شناختی ثبوت کے طور پر پیش کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ ضلع الیکشن افسر ابھشیک کمار سنگھ نے ایک سوال کے جواب میں بتایاکہ دس ہزار ووٹر فہرست میں سدھار کیاجاچکا ہے ۔بیداری کے لیے مختلف پروگرام بھی منعقد ہوں گے ، ہرگھر تک بی ایل او جائیں گے ۔تمام الیکشن کارڈ ہولڈرز کی تصدیق ہوگی ۔