گیا:بہار سے اس بار سفر حج پر روانہ ہو نے والے عازمین حج گیا امبارکیشن کے علاوہ دیگر امبارکیشن سے روانہ ہوگئے ہیں۔ گیا سے بھی پرواز مکمل ہوچکی ہے۔ آخری قافلے میں 74سال کے کلام الدین انصاری اور انکی اہلیہ بھی روانہ ہوئیں ہیں۔ کلام الدین انصاری کو یکم جون کو کولکاتا امبارکیشن سے روانہ ہونا تھا ۔ان کا وہاں کسٹم سے لیکر دیگر قانونی کارروائی کی جاچکی تھی لیکن عین روانگی سے کچھ منٹوں پہلے امیگریشن میں ان کی پرواز کا معاملہ پیچیدہ ہوگیا۔
اس کے بعد ان کی پرواز منسوخ کر دی گئی۔ امیگریشن کی طرف سے سفر کے لیے کلیرنس نہیں دیا گیا۔بعد میں وہاں موجود اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئر مین عبدالحق انہیں اپنے ساتھ واپس پٹنہ لیکر آگئے۔اس کے بعد دوبارہ سے پرواز کو لیکر کاروائی شروع کی گئی۔گیا امبارکیشن سے پرواز کے کچھ گھنٹے قبل ہی ان کا پاسپورٹ اور ویزا گیا ہوائی اڈے پر پہنچا حالانکہ سفر حج پر روانگی یقینی ہونے پر کلام الدین انصاری اور ان کے رشتے دار تمام پریشانیوں اور مشکلات کو بھول کر وہ روانہ ہونے کی خوشی میں مسرور نظر آئے۔
کلام الدین انصاری نے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ انکے کاغذات میں گڑبڑی پیش آگئی تھی جس کی وجہ سے وہ جا نہیں سکے تھے لیکن اب ریاستی حج کمیٹی کے چیئر مین کی کوششوں کی وجہ سے وہ جارہے ہیں۔ ساری پریشانیاں جانے کی خوشی میں ختم ہوگئی ہیں۔ وہیں ان کے بیٹے نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔ اس کے لئے حج کمیٹی کا شکریہ اداکیا۔
ریاستی حج کمیٹی کے نمائندہ اخترحسین نے کہا کہ ان کے پاسپورٹ کی مدت ختم ہوگئی تھی۔ نیاپاسپورٹ بنا تھا نئے پاسپورٹ کی جگہ پر پرانا ہی پاسپورٹ جمع ہوگیا ۔اس پر سارے کام ہوگئے تھے لیکن امیگریشن میں انکا معاملہ پھنس گیا بعد میں حج کمیٹی کی کوششوں کے بعد دوبارہ سے ویزا لگوایا گیا۔ حالانکہ انہوں نے پوچھے جانے پر کہ آخر حج بھون سے اتنی بڑی بے توجہی کیسے ہوئی کہ پرانے پاسپورٹ پر ہی سارے کام کرادیے گئے ؟ کیا اس کی جانچ نہیں کی گئی تھی۔ اس پر انہوں نے کہا کہ تکنیکی کمی تھی جسکی وجہ سے یہ معاملہ پیش آیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:Azmeen Haj گیا میں عازمین حج کی خدمت کرنے والے ہندو آفیسر کی ستائش
واضح ہوکہ حج سفر پر جانے کے لئے پہلے آن لائن فارم بھرا جاتا ہے۔ اس کے بعد اس کی کاپی اور پاسپورٹ اسٹیٹ حج کمیٹی کے پاس جمع کرنا ہوتا ہے۔ اسٹیٹ حج کمیٹی پاسپورٹ کے ساتھ تفصیلات مرکزی حج کمیٹی کو ارسال کر تی ہے۔پھر وہاں سے آگے کاروائی کا عمل مرکزی حکومت کے ذریعے کرایا جاتاہے اتنے مراحل سے گزرنے کے باوجود کلام الدین انصاری کا رد کیا ہوا پاسپورٹ کو دیکھا نہیں گیا۔