گیا پولیس نے رام نومی اور رمضان کے موقع پر کشیدگی پیدا کرنے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کیا ہے ، گزشتہ 27مارچ کو بنیاد گنج تھانہ حلقہ کے علی پور گاوں میں دو فرقے کے درمیان تنازع ہوگیا تھا، دونوں فرقے درمیان سنگ باری بھی ہوئی تھی۔ جس میں کچھ افراد کو معمولی چوٹیں بھی آئی تھیں، اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ضلع پولیس نے نا صرف حالات کو قابو میں کیا تھا،بلکہ اس معاملے میں دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایس ایس آشیش کمار بھارتی نے کہاکہ چونکہ رمضان اور نوراتری کا تہوار ایک ساتھ منایا جارہا ہے، تو ایسے میں ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کے تحت علی پور میں ایک معمولی تنازعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی گئی لیکن پولیس کی بروقت کارروائی کی وجہ سے حالات پرامن رہے۔
مزید پڑھیں:Fire in Bihar سپول میں آتشزدگی سے کئی گھر جل کر خاک
انہوں نے بتایا کہ ڈی ایس پی کی قیادت میں پورے علاقے پر نگرانی رکھی جارہی ہے۔ فلیگ مارچ بھی کیا گیا ہے ،اور احتیاط کے طور پر مزید فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں محمد شہنواز عالم ابن کلومیاں اور ساگر کمار ابن سنجے ساو علی پور تھانہ بنیاد گنج کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا باقی مجرموں کو بھی بہت جلد پکڑ لیا جائے گا۔ مزید کہا کہ اس طرح کی حرکت کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔