ارریہ: ارریہ ضلع کے قدآور رہنما و سابق ضلع پریشد حیدر یاسین کے انتقال پر امارت شرعیہ میں آئی آئی بی آرگنائزیشن و امارت شرعیہ کے زیر اہتمام ایک تعزیتی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں شہر کے معزز علماء کرام و دانشوران نے شرکت کی. نشست کا آغاز قاضی امان اللہ کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا. نشست سے قبل حیدر یاسین کے دعائے مغفرت کے لئے قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا.
نشست سے خطاب کرتے ہوئے حیدر یاسین کے درسی استاذ الحاج ماسٹر محمد محسن نے نم آنکھوں سے اپنے شاگرد کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ 'وہ طالب علم کے زمانے سے ہی بے باک اور نڈر تھا، وہ پڑھنے میں بھی ذہین تھا، مزید اعلیٰ تعلیم کے لئے جب علی گڑھ مسلم یونیورسٹی گیا تو اس میں مزید نکھار پیدا ہوا اور اس کی قائدانہ صلاحیت مضبوط ہوئی، اس میں ایک جنون اور کسی بھی مجبور بے سہارا کے مدد کے لئے کھڑا ہونے جذبہ تھا، یہ ہم لوگوں کی بدقسمتی ہے کہ ہمارے درمیان مستقبل کا ایک بہترین قائد رخصت ہو گیا۔
وہیں گرلز آئیڈیل اکیڈمی کے ڈائریکٹر پروفیسر ایم اے ایم مجیب نے کہا کہ 'وہ ہم سب کا عزیز تھا، اس نے اپنے بڑے بزرگوں کی قدر میں کبھی کوئی کوتاہی یا کمی نہیں کی، جب بھی ملاقات ہوئی پیشانی خم کر کے ملا، ہمیشہ عاجزی و انکساری کا مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر حیدر یاسین کے بھتیجہ فیصل یاسین، آئی آئی بی کے انیس الرحمن، حاجی نسیم، قاری نیاز احمد قاسمی ، شہزاد عالم عرف کاصو وغیرہ نے بھی اظہار خیال کیا.