زرعی قوانین کے خلاف ملک بھر میں ٹریکٹر ریلی کے ذریعہ زبردست احتجاج کیا گیا۔ ارریہ میں بھی ضلع کے کونے کونے سے آئے کسان و لیڈران نے ٹریکٹر ریلی نکال کر مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج و مظاہرہ کیا۔
ٹریکٹر ریلی میں عظیم اتحاد کی تمام پارٹیوں سمیت کسان مزدور یونین بھی شامل ہوئیں۔ ٹریکٹر ریلی کا آغاز زیرو مائل سے ہوا اور چاندنی چوک، اے ڈی بی چوک ہوتے ہوئے گھوڑی چوک پہنچ کر یہ ریلی ختم ہوئی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن پارلیمان سرفراز عالم نے کہا کہ مرکزی حکومت نے جو قانون نافذ کیا ہے وہ سراسر نا انصافی پر مبنی ہے۔ کسان آج لاکھوں کی تعداد میں دہلی کی سڑکوں پر بیٹھے ہیں۔ وہ سردی کے اس موسم میں بے یارو مدد گار اپنے حق کی آواز بلند کر رہے ہیں۔ یہ حکومت اندھی گونگی ہو چکی ہے۔ مگر ہم اس وقت تک آواز اٹھائیں گے جب تک یہ قانون واپس نہیں ہو جاتا۔
ارریہ اسمبلی حلقہ کے رکن عابد الرحمن نے کہا کہ ہم آئین کے تحت اس وقت تک آواز بلند کریں گے جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے۔
سماجی کارکن شاہجہاں شاد نے کہا کہ اس ریلی میں کوئی سیاست نہیں ہے، یہ حکومت کے ذریعہ لوگوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔ حکومت مکمل طور سے سرمایہ کاروں کے چنگل میں ہے۔
سماجی کارکن و وارڈ کونسلر لولی نواب نے کہا کہ مرکزی حکومت مکمل طریقے سے نشہ میں ہے۔