کیمور: بہار کے کیمور ضلع سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔ جس میں اسکول کے ایک کم عمر کے طالب علم کے ساتھ کچھ نوجوان مارپیٹ کر رہے ہیں اور اس سے ایک مذہبی نعرہ بولنے پر زور دے رہے ہیں، بچے کو ویڈیو میں کچھ لوگ مارتے پیٹتے بھی نظر آتے ہیں اور اس سے جے شری رام کا نعرہ لگانے کو کہتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو کافی تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ وائرل ویڈیو کیمور ضلع پولیس کے بھی ہاتھ لگی ہے۔ جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر کارروائی کی ہے، اس معاملے میں ایک شخص کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے اور دو لوگوں کی گرفتای کے لیے چھاپہ مارا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
ویڈیو کے تعلق سے کہا جارہا ہے کہ یہ پندرہ اگست کے بعد سوشل سائیڈ پر وائرل کیا گیا ہے، اس حوالے سے کیمور پولیس کے ذریعہ بیان جاری کر کے کہا گیا ہے کہ ضلع پولیس کے ذریعہ سوشل میڈیا کے نگرانی کے دوران پایا گیا کہ فیس بک پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ جس میں ایک لڑکے کو کچھ سماج دشمن عناصر کے لوگوں کے ذریعہ آپسی بھائی چارہ کو توڑنے اور مذہبی منافرت پھیلانے کے مقصد سے زبردستی مذہبی نعرہ لگانے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری طور پر مذکورہ ویڈیو کے بارے میں تفصیل حاصل کرتے ہوئے بهبھوا تھانہ میں سماج دشمن عناصر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ کیمور پولیس نے اپنے پریس ریلیز کو فیس بک ' کیمور پولیس ' کے پیج اور دیگر سوشل سائیڈ پر بھی اپ لوڈ کیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ اب تک کی جانچ میں یہ پایا گیا کہ یہ ویڈیو پرانی ہے۔ تاہم اسے وائرل ابھی کیا گیا ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اب تک ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جب کہ دو دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے ماری کی جا رہی ہے۔