سانحہ ضلع گیا کے وزیر گنج پولیس تھانہ علاقے کے امیٹھی پنچایت کے آکورگاوں کا ہے۔ مرنے والوں میں ویریندر سنگھ کی اہلیہ رینا دیوی، راما سنگھ کی بیٹی امیشا کماری، پنٹو سنگھ کا بیٹا پیوش کمار شامل ہیں۔
ان بچوں میں سے ایک پیوش کمار کی لاش ندی میں تیز بہاو کی وجہ سے بہہ گئی ، این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیم ندی میں لاش کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
حادثے کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے وزیر گنج کے بی ڈی او آنند پرکاش نے بتایا کہ خاتون گائوں سے نکلنے والے منگورہ ندی کے کنارے اپنے بچوں کے ساتھ نہانے اور کپڑے دھونے گئی تھیں۔
جب وہ کپڑے دھو رہی تھیں تبھی ایک بچہ ندی میں چلا گیا۔ بچے کو دیکھ کر خاتون اسے بچانے کے لیے ندی کے بیچ میں چلی گئیں، جس میں خاتون بھی ڈوب گئیں۔
خاتون کو ڈوبتا دیکھ کر بارہ سال کی امیشا کماری بھی ندی میں کود پڑی، لیکن اسے بچانے کے بجائے وہ خود بھی غرق ہوگئی، ان دونوں کی لاش مقامی افراد باہر نکالنے میں کامیاب رہے ۔
وزیر گنج بی ڈی او ، سی او ، ڈی ایس پی ، این ڈی آر ایف کے ساتھ ساتھ گیا کے رکن پارلیمنٹ وجے مانجھی موقع پر موجود ہیں۔ ایم پی و افسران نے لواحقین سے ملاقات کی ہے اور انہیں تسلی دی ہے ۔
ایم پی وجے کمار مانجھی نے حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ”مگدھ کمشنر سمیت اعلی حکام سے بات کی ہے۔ معاوضے کی رقم کی ادائیگی بغیر کسی تاخیر کے کردی جائے گی اور ساتھ ہی ایک بچے کو بچانے والے شخص کی بھی مدد کی جائے” ۔
بچے کو بچانے والا نوجوان گجیندر نے بتایا کہ وہ کسی کام سے اتری جا رہا تھا، خواتین کا شور سنکر وہ وہاں پہنچا اور ندی میں کود کر ان لوگوں کی جان بچانے کی ہر ممکن کوشش کی۔ اس سے قبل خاتون اور دوبچے بہہ چکے تھے، تیسرا بچہ ڈوب گیا تھا جسے اس نے بچایا ہے ۔
افسران نے بتایا کہ تمام کاغذی کارروائی اور قانونی کارروائی کے بعد ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو چار لاکھ روپے کا مالی معاوضہ دیا جائیگا ۔ جبکہ فیملی بینیفٹ اسکیم کے تحت انتظامیہ نے ہلاک شدہ افراد کے لواحقین کو 20 ہزارروپے کی امدادی رقم دے دی ہے اور پوسٹ مارٹم کے بعد محکمہ ڈیزاسٹر کے ذریعہ چار چار لاکھ کی رقم دی جائے گی۔
حادثے کی اطلاع کے بعد ریاستی وزیر زراعت پریم کمار نے موقع کا دورہ کیا اور متاثرہ کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔