ریاست بہار کی دارالحکومت پٹنہ میں راشٹریہ جنتادل (آرجے ڈی) کے سینیئر رہنما اور اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے دہلی اسمبلی انتخاب کے نتائج کے بعد کہا کہ دہلی کو عوام کی ترقی، ہم آہنگی، محبت اور بھائی چارے کا مینڈیٹ دیا ہے۔
مسٹر یادو نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر کہاکہ 'دہلی کی عوام نے ترقی، فرقہ ورانہ ہم آہنگی، محبت وبھائی چارہ والا مینڈیٹ دیا ہے'۔
انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے زہر اور نفرت کی انتخابی تشہیر کی تھی اس کا نتیجہ سامنے ہے۔
انہوں نے سوالیہ لہجے میں کہا کہ برہمن سماج کا آدمی وشیہ سماج کے مندر میں جانے پر انہیں ناپاک بتا رہا تھا، اتنا ہی نہیں دہشت گرد اور پاکستانی بتارہے تھے۔
وہیں ریاست کے سابق وزیراعلیٰ رابڑی دیوی نے دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال کو انتخاب میں شاندار جیت کے لیے مبارک باد پیش کی اور کہا کہ یہ جیت سماجی انصاف، سیکولرازم اور بھارتی آئین میں یقین رکھنے والوں کی جیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہلی کے ووٹرز نے تکبر اور نفرت کی سیاست کو مستر کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محبت، آپسی بھائی چارے، میل محبت بھارتی ثقافت کی بنیاد ہے۔ ملک کے عوام نے یہ عزم لے لیا ہے کہ وہ نفرت اور گھمنڈ کی سیاست کرنے والی بی جے پی کی مرکزی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرے گی۔