ریاست بہار کے وزیراعلی نتیش کمار ضلع گیا میں سہ روزہ دورے پر ہیں ،آج جمعرات کی شام کو ضلع کے تمام ارکان اسمبلی کے ساتھ جائزہ میٹنگ کریں گے۔
آر جے ڈی کے ایم ایل اے نے اس جائزہ میٹنگ کا بائیکاٹ کیا ہے۔ اس سلسلے میں آر جے ڈی ایم ایل اے کمار سروجیت نے بتایا کہ پارٹی کے تمام ایم ایل اے نے وزیراعلی نتیش کمار کی میٹنگ کا بائیکاٹ کیا ہے۔ اس کی وجہ شہریت ترمیمی ایکٹ کی جے ڈی یو کی جانب سے حمایت کیاجاناہے ۔
نتیش کمار کی جائزہ میٹنگ کا بائیکاٹ کرتے ہوئے آر جے ڈی کے ایم ایل اے سروجیت کمار نے کہا کہ ہم سی اے اے کی مخالفت کرتے ہیں۔
اس کی وجہ سے ہم اس پارٹی کی بھی مخالفت کرتے ہیں جو اس قانون کی حمایت کرتی ہے۔ آر جے ڈی کے تمام ممبران اسمبلی نے میٹنگ کرنے بعد بائیکاٹ کرنے کا یہ فیصلہ لیا ہے۔
کمار سروجیت نے مزید کہا کہ ملک کو آزاد کروانے میں ہندوؤں کی جتنی حصے داری ہے اتنی ہی مسلمانوں کی بھی ہے تاہم آج مذہب کی بنیاد پر تفریق کرکے ہندوستانی آئین کو مجروح کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت مسلسل جاری رہے گی۔ ہم کسی بھی حالت میں ملک کو ٹوٹنے نہیں دیں گے۔ جمعرات کی میٹنگ میں ہم موجود نہیں ہوں گے۔
شہریت ترمیمی قانون کو واپس لینے تک نتیش کمار کے کسی بھی سرکاری اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے۔ واضح رہے کہ گیاضلع میں کل دس اسمبلی نشستوں میں اپوزیشن کا چھ سیٹوں پر قبضہ ہے ۔جس میں چار پر آرجے ڈی کے ایم ایل اے کی جیت ہے۔