ریاست بہار کے ضلع کشن گنج میں کورونا کا قہر جاری ہے اور مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھتی ہی جا رہی ہے۔ اسی بیچ کشن گنج کے مجلس اتحاد المسلمین کے اکلوتے رکن اسمبلی قمرالہدیٰ نے اپنے حلقہ کے مختلف قرنطینہ سینٹروں کا دورہ بھی کیا۔ لوگوں سے خیریت دریافت کی۔ حکومت کی جانب سے ملنے والی بنیادی سہولیات فراہم ہو رہی ہے کہ نہیں اس کی جانکاری لی۔ ساتھ ہی اپنی جانب سے ہر طرح کی مدد کی یقین دہانی کرائی۔
بتا دیں کہ مسلسل مل رہے کورونا مریضوں کی وجہ سے ضلع میں چوکسی بڑھا دی گئی ہے۔ لاک ڈاؤن سختی سے نافذ کیا جا رہا ہے۔ سبھی بارڈر سیل کر دیے گئے ہیں۔ کشن گنج سے بنگال اور نیپال جانے والی گاڑیوں کی سختی سے چیکنگ کی جا رہی ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ پوری طرح بند ہے۔
اسی بیچ ایک خبر یہ بھی ہے کہ کشن گنج ضلع کے کچھ مزدور پڑوسی ملک نیپال میں پھنسے ہوئے ہیں جنہیں واپس لانے کی تیاری چل رہی ہے۔