بہار کے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے وزیر اعظم نریندر مودی پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اگر نریندر مودی اپنے آپ کو چوکیدار کہتے ہیں تو ملک کی عوام بھی تھانیدار ہے۔ آنے والے عام انتخابات میں عوام انہیں سزا ضرور دے گی۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے اپنے درجنوں وعدوں میں سے کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔ نہ کسی کے اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپیے آئے، نہ ہی روزگار کے مواقع میسر ہوئے، بلکہ اوپر سے جی ایس ٹی اور نوٹ بندی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی۔
tejasvi
ہریانہ کے سابق وزیر مالیات کیپٹن اجے سنگھ یادو نے کہا کہ بی جے پی کا عبوری بجٹ محض ایک انتخابی بجٹ ہے، حکومت کے باقی بچے ہوئے دنوں میں ان سارے کاموں کو کرنا ناممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب عوام بی جے پی کے کرتوتوں سے پریشان ہو کر حکومت کی تبدیلی چاہتی ہے ایسے میں کانگریس گٹھ بندھن کے ساتھ حکومت بنائے گی۔
غور طلب ہے کہ کیپٹن اجے سنگھ یادو کی طرف سے نوابوں کے شہر پٹودی میں عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ کیپٹن اجے سنگھ گڑگاؤں لوک سبھا سیٹ سے کانگریس کے ٹکٹ کے مضبوط دعویدار مانے جا رہے ہیں۔
ریلی میں انہوں نے میوات سے بھی اپنے حامیوں کو ریلی میں بلاکر اپنی طاقت کا احساس کرایا ۔
کانگریسی رہنما امن احمد نے کہا کہ میوات میں ساڑھے 6 لاکھ ووٹ ہیں اور ان میں اکثریت ووٹ اجے کیپٹن کو ملیں گے، اگر امن احمد کا دعوی ٹھیک ہے اور کیپٹن میوات کی ووٹوں کو ایک طرفہ کر لیتے ہیں تو ان کا پلڑا یقینا مضبوط ہو جائے گا۔
اس موقع پر ہریانہ کانگریس کے صدر اشوک تنور، کرن چودھری، میوات فروز پور جھرکا سے کانگریس لیڈر امن احمد، سابق ممبر اسمبلی چودھری حبیب الرحمن، سمرتا چوہان، چرنجیو راو سمیت سینکڑوں کانگریسی لیڈر اور ہزاروں لوگ موجود رہے۔