بہار اسمبلی میں اپوزیشن کے رہنما تیجسوی یادو نے اسمبلی اسپیکر وجے کمار سنہا کو ایک خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے گذشتہ سیشن کے دوران اسمبلی احاطہ میں اپوزیشن اراکین کے ساتھ ہوئے مار پیٹ کے واقعے میں ملوث قصور واروں کے خلاف کی گئی کاروائی سے باخبر کرانے کی درخواست کی ہے۔
تیجسوی یادو نے اراکین اسمبلی کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا ہے تاکہ 26 جولائی سے اسمبلی کا مانسون اجلاس رکن اسمبلی حصہ لے سکیں۔
یادو نے اسمبلی اسپیکر وجے کمار سنہا کو 13 جولائی کو لکھے خط کی کاپی بدھ کو سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کی ہے، جس میں انہوں نے اسمبلی اسپیکر سے کہا ہیکہ 23 مارچ 2021 کو اسمبلی احاطہ میں اپوزیشن اراکین اسمبلی کے ساتھ مار پیٹ اور بدسلوکی کے واقعے میں ملوث پولیس اور انتظامیہ کے لوگوں پر کاروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے 03 اپریل 2021 کو خط لکھا تھا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہی نہیں بلکہ مکمل اعتماد ہے کہ اس پرتشدد واقعے کے خلاف مکمل کارروائی کی گئی ہوگی اور ایسا واقعہ دوبارہ رونما نہ ہو اس کے لیے بھی مکمل رہنما اصول جاری کیے گئے ہوں گے ۔
مزید پڑھیں: آر جے ڈی آج بہار اسمبلی کا محاصرہ کرے گی
اپوزیشن لیڈر نے اسپیکر سے اس معاملے میں قصوروار افسران اور ملازمین پر کی گئی کاروائی سے انہیں اور سبھی اراکین کو باخبر کرانے کی درخواست کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ 23 مارچ کے واقعے کی وجہ سے سبھی اراکین آئندہ سیشن میں آنے سے ڈر رہے ہیں۔ سبھی اپوزیشن جماعتوں کے لیڈران نے میٹنگ کرکے ان سے کہا ہے کہ اسمبلی اسپیکر سے اس واقعے میں ملوث افسران اور ملازمین پر مکمل کاروائی کرتے ہوئے اراکین اسمبلی کو تحفظ کی دہانی کرائی جائے، تاکہ سبھی اپوزیشن اراکین بغیر خوف کے عوام کے سوالوں کو ایوان میں رکھ سکیں۔
یادو نے کہاکہ جمہوریت کے مندر میں رونما ہوئے واقعے پر کاروائی کرنا انتہائی ضروری ہے ورنہ تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ یہ جمہوریت کے وقار اور پارلیمانی نظام کو بچانے کے ساتھ ہی اراکین کے حوصلے کو برقرار رکھنے کیلئے ضروری ہے۔