بہار سیکنڈری اساتذہ یونین پٹنہ کی اپیل پر ریاست بہار کے تمام اضلاع میں احتجاج کیا جارہا ہے۔
اساتذہ یونین کے ضلعی صدر اجے کمار سنگھ نے کہا کہ مساوی کام کے بدلے مساوی تنخواہ دیئے جانے کے مطالبات جائز ہیں، ہم اپنی آواز تب تک بلند کرتے رہیں گے جب تک حکومت ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کر لیتی۔
حال ہی میں پٹنہ میں احتجاج کر رہے اساتذہ پر پولیس نے جس ظلم و ستم کا مظاہرہ کیا ہے اسے ملک کا ایک ایک شخص نے دیکھا، ہم یہ بھی برداشت کرنے کو تیار ہیں مگر اپنے جائز حقوق سے پیچھے نہیں ہٹینگے چاہے موجودہ حکومت ہماری طاقت کو جتنا بھی کمزور کرنے کی کوشش کرے۔
یونین کے ضلع سکریٹری اسرارالحسن نے کہا کہ اساتذہ کے ساتھ موجودہ حکومت کا سوتیلہ رویہ سب کے سامنے کھل کر آ گیا ہے، حکومت کے دوہری پالیسی کو ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے، آج اساتذہ بھوک مری کے شکار ہو رہے ہیں، اپنے بچوں کی صحیح کفالت نہیں کر پا رہے ہیں آخر اس کا ذمہ دار کون ہے۔
اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ احتجاج میں ڈاکٹر پرشانت جھا، اجے کمار، مکیش کمار، جعفر رحمانی، یوراج پاسوان، پرمانند ملک، کماری سنگیتا، نوتن آنند، نند کشور یادو، نوشاد عالم، کامیشور پرساد اور روپیش کمار کے علاوہ درجنوں اساتذہ شامل تھے۔
احتجاج کی صدارت یونین کے ضلع صدر اجے کمار سنگھ نے کی جب کہ نظامت کے فرائض منوج کمار مہتانے انجام دئے۔ مظاہرہ ختم ہونے کے بعد یونین کے اساتذہ کے ایک وفد ضلع کلکٹر و ڈی ای او سے ملاقات کر کے میمورنڈم پیش کیا۔