پٹنہ: پرائیویٹ اسکول اینڈ چلڈرن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے دسویں 'اساتذہ عزت افزائی' پروگرام کا انعقاد پٹنہ کے ربیندر بھون میں ہوا، پروگرام کا آغاز بہار کے وزیر تعلیم پروفیسر چندر شیکھر، وزیر صنعت سمیر کمار مہاسیٹھ، وزیر آفات انتظام شاہنواز عالم اور ایسویشن کے قومی صدر شمائل احمد نے مشترکہ طور پر شمع روشن کر کے کیا۔ اس پروگرام میں ملک بھر سے بشمول بہار کے پرائیویٹ اسکولز سے 2000 سے زائد پرنسپل و اساتذہ پہنچے جنہیں تعلیم کے میدان میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں معزز مہمانوں کے ہاتھوں عزت افزائی کی گئی۔
حکومت کے رہنما خطوط کے مطابق پرائیویٹ اسکولز میں غریب بچوں کی مفت تعلیم کے لیے 25 فیصد غریب و مجبور بچوں کا داخلہ ضروری ہے تاکہ سماج کا ہر بچہ تعلیم حاصل کر سکے، مالی یا اقتصادی حالات کی وجہ سے کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ ہو اسے ہم سب کو عہد کرنا چاہیے۔
وزیر صنعت سمیر کمار مہاسیٹھ نے کہا کہ سماج کو بہتر بنانے اور بہار میں تعلیم کو صحیح راستہ دکھانے میں سرکاری اسکولوں کے ساتھ پرائیویٹ اسکولوں نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے، عظیم اتحاد کی حکومت کی نظر سب سے زیادہ شعبہ تعلیم پر ہے، ہم اس سے سمجھوتہ نہیں کر سکتے، گاؤں گاؤں تک تعلیم کو پہنچائیں گے تاکہ خط افلاس سے نیچے رہنے والے لوگوں میں بھی تعلیم کے تئیں بیداری پیدا ہو اور وہ بھی اپنے بچوں کو تعلیم حاصل کرنے کے لئے اسکول بھیجے۔
مزید پڑھیں:Bihar Education Minister: بہار کے وزیر تعلیم کا سوا لاکھ اساتذہ کی تقرری کا اعلان
وزیر آفات انتظامیہ شاہنواز عالم نے کہا کہ یہ ایک اچھی پہل ہے جو اساتذہ سماج کو بہتر بناتے ہیں، بچوں کی تربیت کرتے ہیں جو آگے چل کر ملک کا نام روشن کرتا ہے، ایسے لوگوں کی عزت افزائی نہایت ضروری ہے،آخر میں قومی صدر شمائل احمد نے آئے ہوئے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔