عالمی یوم گوریا کے موقع پر گیا کے تنزیل الرحمن کو پٹنہ میں اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ تنزیل الرحمن پرندوں کے شیدائی ہیں اور انہوں نے اپنے گھر سمیت آس پاس میں گوریا اور دیگر پرندوں کا آشیانہ بنایا ہے۔ دس برسوں سے وہ گوریا کے تحفظ کےلیے کام کررہے ہیں لیکن انہیں اس بہترین کام کےلیے کبھی بھی سراہا نہیں گیا تھا۔ گزشتہ ماہ ای ٹی وی بھارت اردو نے ’پرندوں کا ایک انوکھا شیدائی‘ کے عنوان سے ایک رپورٹ شائع کی تھی، جس کے بعد تنزیل الرحمن راتوں رات شہرت حاصل ہوگئی۔
ای ٹی وی بھارت اردو کی رپورٹ شائع کا اثر یہ ہوا کہ آج یوم گوریا کے موقع پر تنزیل الرحمن کو گوریا کے تحفظ کےلیے کام کرنے پر اعزاز سے نوازا گیا۔ تنزیل الرحمن نے نمائندہ ای ٹی وی بھارت اردو کے نمائندہ کو اس بات کی اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ ای ٹی وی بھارت اردو کی رپورٹ کے بعد متعدد افراد نے فون پر ان کی سراہنا کی۔
ای ٹی وی بھارت کی رپورٹ کے بعد متعدد زبانوں کے چینلز اور اخبارات میں اس تعلق سے رپورٹ شائع کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ برڈمین کے طور پر نئی پہچان بنانے میں ای ٹی وی بھارت اردو کا بڑا رول رہا ہے جس کے لیے میں شکرگذار ہوں۔ انہوں نے بتایاکہ پٹنہ کے چڑیا گھر میں سرکاری تقریب ہوئی جس میں محکمہ جنگلات تحفظ و آب و ہوا تحفظ کے ریاستی وزیر نیرج کمار بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ 22 فروری کو ای ٹی وی بھارت اردو نے ایک رپورٹ شائع کی تھی جس میں بہار کے ضلع گیا میں رہنے والے تنزیل الرحمان خان کو ’برڈ مین‘ کا لقب دیا گیا تھا۔ رپورٹ میں تنزیل الرحمان خان کی پرندوں سے بے انتہا محبت پر روشنی ڈالی گئی جبکہ انہوں نے پرندوں کے لیے اپنے مٹی کے گھر کو پرندوں کا گھر بنا دیا ہے۔ گھر سے لے کر درختوں پر مٹی کے مٹکے لٹکاکر وہ پرندوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔ پرندوں کی دیکھ بھال کے لیے انہوں نے سی سی ٹی وی کیمرہ بھی لگایا ہے۔