بہار میں اقلیتی بہبود کے وزیر محمد جمع خان گذشتہ روز اپنے قافلے کے ساتھ ایک پروگرام میں شرکت کرنے کیمور کے ادھورا جا رہے تھے۔ اس دوران وہ کیمور کے جنگل میں لگی آگ سے گِھر گئے۔ حالانکہ وہ بال بال بچ گئے۔
وزیر محمد جمع خان ابھی تلھاڑ کنڈ سے آگے نکلے ہی تھے کہ جنگل میں لگی آگ تیزی سے پھیلنے لگی اور ان کے قافلے کے قریب سڑک پر آگئی۔ سڑک کے دونوں طرف جھاڑیاں اور درخت جلنا شروع ہوگیا جس سے قافلے میں افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔
واقعے کو دیکھ کر وزیر کی گاڑی سمیت متعدد گاڑیاں پیچھے بھاگنے کی کوشش کرنے لگی، تبھی اچانک آگ پیچھے سے مین روڈ پر آنا شروع ہوگئی جس سے خوف و ہراس میں وزیر اور دیگر سکیورٹی اہلکاروں نے کسی طرح جنگل سے بھاگ کر اپنی جان بچائی۔
اس تعلق سے وزیر نے بتایا کہ "تیز ہوا کی وجہ سے آگ کے شعلے 20 سے 25 فٹ اوپر جارہے تھے۔ اس دوران اچانک آگ کی زد میں آنے سے سبھی لوگ گھبرا گئے اور پیچھے بھاگنے لگے لیکن آگ کی لپٹیں پیچھے سے بھی آ رہی تھی۔ اس کے بعد گاڑی کو چھوڑ جنگل میں بھاگنا پڑا۔
اس دوران وزیر نے کہا کہ میرے ساتھ بزرگوں اور والدہ کی دعا تھی، اس لیے میں محفوظ ہوں۔ ورنہ ان حالات میں زندہ رہنا مشکل تھا۔