سابق وزیر شیام رجک نے اسمبلی جاکر اسپیکر وجے کمار چودھری کو ایوان کی رکنیت سے استعفیٰ کا خط سونپا۔ اس کے بعد وہ سیدھے آرجے ڈی قانون ساز اسمبلی کی لیڈر اور سابق وزیراعلیٰ رابڑی دیوی کی رہائش پر گئے۔ وہاں انہوں نے رابڑی دیوی اور اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادو کی موجودگی میں آرجے ڈی کی رکنیت حاصل کی۔
غورطلب ہے کہ شیام رجک کو اتوار کو پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث رہنے کے الزام میں جنتادل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو) کے ریاستی صدر وشسٹھ نارائن سنگھ نے پارٹی سے نکال دیا تھا۔ اس کے بعدوزیر اعلیٰ نتیش کمار کی سفارش پر گورنر پھاگو چوہان نے رجک کو کابینہ سے برخاست کر دیا۔
شیام رجک سال 2009 میں آرجے ڈی چھوڑ کر جے ڈی یو میں شامل ہوئے تھے۔ اس سے قبل وہ لالو پرساد یادو کے بیحد قریبی مانے جاتے تھے۔ سال 2010 کے الیکشن میں وہ جے ڈی یو کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی بنے اور نتیش کابینہ میں جگہ پائی۔ سال 2015 میں جب آرجے ڈی کے ساتھ جے ڈی یو نے حکومت بنائی تب رجک کو کابینہ میں جگہ نہیں ملی لیکن آرجے ڈی سے تعلقات ختم ہونے کے بعد پھر سے بی جے پی کے ساتھ جے ڈی یو کی حکومت بنی تب ایک بار پھر رجک کو کابینہ میں شامل کیا گیا۔