بہار کے وزیر صنعت شاہنواز حسین نے ریاست کی تمام بند شوگر ملوں کے شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ریاست میں بڑے پیمانے پر ایتھانول پیدا کرنے اور اس علاقے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرے گی۔
شاہنواز حسین نے جمعہ کو اسمبلی میں محکمہ صنعت کے مالی سال 2021-22 کے بجٹ مطالبے پر بحث کے جواب میں کہا کہ نتیش حکومت نے اس وقت کے متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) حکومت سے ایتھانول کی پیداوار شروع کرنے کو کہا تھا۔ سال 2006-07 میں ریاست کی اجازت طلب کی گئی تھی لیکن اجازت نہیں دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایتھانول پیدا کرنے کی اجازت سے انکار کر کے یو پی اے حکومت نے بہار کے ساتھ سوتیلا سلوک کیا۔ اس سے ریاست کی معاشی ترقی متاثر ہوئی۔
وزیر نے کہا کہ یہ بہار کے لئے خوشی کی بات ہے کہ نریندر مودی حکومت نے بہار میں ایتھانول کی پیداوار شروع کرنے کا راستہ کھول دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار کی موجودہ صنعتی پالیسی پرکشش ہے اور انہیں یقین ہے کہ ایتھانول پروڈکشن کے شعبے میں ایک بڑی سرمایہ کاری آئے گی۔