بہار کے یوم تاسیس کے موقع پر ہر سال کی طرح امسال بھی دہلی میں 15 روزہ میلہ جاری ہے ۔حالانکہ عالمی وبا کورونا وائرس کےسبب گزشتہ دوسالوں سے یہ میلہ منعقد نہیں ہواتھا ۔تاہم رواں برس کورونا کا اثر کم ہونے کے بعد دہلی میں 15 روز پر مشتمل یہ میلہ جاری ہے۔ Shahnawaz Hussain To Inaugurate Bihar Utsav 2022 At INA Dilli Haat
بہار کے محکمہ صنعت کی جانب سے16 مارچ سے شروع ہونے والا یہ میلہ 31 مارچ تک جاری رہے گا ۔ اس بار بہار اتسو 2022 میں بہار کے مشہور ہینڈ لوم اور دستکاری کے 60 اسٹالز لگائے گئے ہیں، جن میں بہار کے مشہور بھاگلپوری سلک اور بہار کے مشہور ہینڈ لوم اور دستکاری کے سامان رکھے گئے ہیں۔بہار اتسو کے ذریعے بہار کے فنکاروں کو اپنے ہینڈلوم اور مصنوعات کی فروخت اور نمائش کا موقع ملتا ہے۔ اس کے علاوہ کھانے پینے کے دو سٹال بھی لگئے گئے ہیں۔
بہار کے وزیر صنعت سید شاہنواز حسین نے نمائش کا دورہ کیا۔انہوں نے تمام اسٹالز کا جائزہ لیا اور اس درمیان انہوں نے لٹی چوکھا کا مزہ بھی لیا۔
انہوں نے کہا کہ ’’ہم بہار کی مصنوعات کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہیں ۔ہم میک ان بہار کو پروموٹ کر رہے ہیں۔ہماری کوشش ہے کہ ہندوستان کے ٹاپ ترقی یافتہ اسٹیٹ میں بہار کا شمار ہو ۔بہار دیوس بہاریوں کے لئے فخر کا دن ہے’’۔
اس دوران ثقافتی پروگرام کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس پروگرام میں فنکار نیتو کماری نوتن اور سوارنم کلاکیندر مظفر پور کی طرف سے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کیا گیا۔
وزیر صنعت نے کہا کہ اس بار بہار دیوس کا جشن بھی آزادی کے امرت مہوتسو کی طرز پر منایا جا رہا ہے۔ اس سال یوم بہار کا تھیم آبی زندگی کی ہریالی پر مبنی ہے۔
مرکزی وزیر تجارت پیوش گوئل بدھ کو بہار یوم تاسیس کی تقریب میں شرکت کرینگے۔ پروگرام میں بہار سے تعلق رکھنے والے مرکزی وزراء اور دہلی میں موجود کئی ارکان پارلیمان بھی شرکت کریں گے۔
مزید پڑھیں:شاہ نواز حسین نے اردو میں بہار قانون ساز کونسل کی رکنیت کا حلف لیا
بہار اتسو میں بہار کے دستکاری اور ہینڈلوم مصنوعات کے 60 سے زیادہ اسٹال لگائے گئے ہیں۔ جس میں بہار کے ہینڈ لوم مصنوعات کے 21، مدھوبنی پینٹنگ کے نو، چمڑے کے دستکاری کے تین، آل سوجنی دستکاری کے دو، لاہ کرافٹ کے دو، مصنوعی زیورات،مکھن اور بانس کے دستکاری وغیرہ کے اسٹال شامل ہیں۔
بہار اتسو کے میلے میں بہار کے لوک فن اور موسیقی کا ثقافتی پروگرام منعقد کیا جائے گا۔