پٹنہ :بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں شدید سردی کے باوجود سیاسی حلقوں میں کافی گرماہٹ پائی جا رہی ہے۔ اسی درمیان بہار کے سیاسی حلقوں میں جے ڈی یو کے سینئر رہنما اوپیندر کشواہا کو نائب وزیراعلیٰ بنائے جانے کی خبر کی وجہ سے سیاسی رہنماوں کو شدید سردی کے موسم میں بھی گرمی کا احساس ہونے لگا ہے۔ جے ڈی یو کے سینئر رہنما اوپیندر کشواہا کو بہار میں نائب وزیراعلیٰ بنائے جانے کی خبر منظرعام پر آنے کے بعد بیار کی سیاست میں گہماگہمی کافی تیز ہوگئی ہے۔ حالانکہ عظیم اتحاد کی حکومت کی جانب سے اس سلسلے میں ابھی تک کوئی رد عمل میں سامنے نہیں آیا ہے۔
اسی درمیان بہار اسمبلی میں حزب مخالف کے رہنما وجے کمار سنہا نے عظیم اتحاد حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے مہا گٹھ بندھن کو ٹھگ بندھن سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں پارٹی کے لیڈر ایک دوسرے کو بیوقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، آر جے ڈی نتیش کمار کو وزیراعظم کا خواب دکھا کر بہار سے چھٹکارا چاہتی ہے تو جے ڈی یو تیجسوی یادو کو وزیر اعلیٰ کا حسین خواب دکھا کر کرسی پر قبضہ برقرار رکھنا چاہتی ہے، مگر عوام سب دیکھ رہی ہے اور آنے والے انتخابات میں ان دونوں کا حساب کرے گی۔
کانگریس کے ریاستی ترجمان راجیش راٹھور نے کہا کہ دوسرا نائب وزیر اعلیٰ بنائے جانے کا فیصلہ عظیم اتحاد میں شامل تمام اعلیٰ لیڈران مل کر طے کریں گے، اگر جے ڈی یو سے کوئی نائب وزیر اعلیٰ بنتا ہے تو قومی پارٹی ہونے کی حیثیت سے کانگریس بھی دعویٰ کرے گی حالانکہ ابھی کابینہ کی توسیع ہوگی اس میں ہمارے ریاستی صدر نے دو مزید وزیر بنائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
آر جے ڈی کے سینئر رہنما و سابق ایم ایل سی ڈاکٹر تنویر حسن نے کہا کہ عظیم اتحاد میں سات پارٹیاں شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ جو بھی فیصلہ کریں گے سبھی کو اعتماد میں لیکر کریں گے. اس تعلق سے ہمارے لیڈر نے کسی کو بلاوجہ بولنے کی اجازت نہیں دی ہے، جہاں تک بات بھاجپا کی ہے تو انہیں اس معاملے میں اتنی دلچسپی کیوں ہیں، وہ اگر سمجھ رہے ہیں کہ پھر سے کوئی سازش کر کے عظیم اتحاد کو توڑنے کی کوشش کریں گے تو اس میں وہ ناکام ثابت ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:Nitish Kumar Samadhan Yatra نتیش کمار کی سمادھان یاترا ہے ویودھان یاترا، روڈی
جے ڈی یو کے ریاستی سکریٹری میجر اقبال حیدر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ جو فیصلہ لیں گے وہ سبھی کو قبول ہوگا، اگر اوپندر کشواہا نائب وزیر اعلیٰ بنتے ہیں تو پارٹی کارکن کی حیثیت سے ہمیں خوشی ہوگی، اگر نہیں بنتے ہیں تو کوئی ملال نہیں، بھاجپا کے من میں لڈو کیوں پھوٹ رہا ہے. عظیم اتحاد حکومت میں کوئی دقت نہیں ہے۔