یہ واقعہ فاربس گنج کے این ایچ 57 سرسیا کے پاس رونما ہوا ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی فاربس گنج پولس موقع پر پہنچی اور معاملے کے تفتیش میں جٹ گئی۔
حالانکہ ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہا۔
اس حادثے سے ناراض ہوکر مقامی لوگوں نے سڑک جام کردیا جس کے سبب این ایچ 57 پر گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
اطلاع کے مطابق امن کمار، دیپک کمار، مکیش ٹھاکر اور امرت کمار نامی 7 طلبأ آرمی دوڑ کی مشق کے لیے سڑک کے کنارے سے دوڑ رہے تھے، تب ہی پیچھے سے آرہی ایک تیز رفتار ٹرک نے امرت کمار اور اجئے کمار کو کچل دیا۔
جس میں سرسیا کے رہنے والے امرت کمار کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی جبکہ دوسری جانب اجئے کمار شدید طور پر زخمی ہو گیا۔
اس واقعہ کے بعد اہل خانہ کا رو رو کر برا حال ہے، اہل خانہ کے مطابق اس ہائی وے پر اس طرح کے حادثات اکثر و بیشتر ہوتے رہتے ہیں اس طرح کے واقعات کو روک تھام کے لیے ضلع انتظامیہ کوئی توجہ نہیں دے رہی۔
مقامی لوگوں کا مطالبہ ہے کہ پولیس ٹرک ڈرائیور پر فوری کارروائی کرے اور امرت کے اہل خانہ کو سرکاری معاوضہ بھی ادا کرے۔
واضح رہے کہ متوفی امرت کمار فاربس گنج کے دیوراہا بابا کالج کے آئی ایس سی کا طالب علم تھا، کٹیہار میں آئندہ 17 اگست کو ہونے والے آرمی دوڑ میں وہ شرکت کرنے کی تیاری کر رہا تھا۔