دارالحکومت پٹنہ میں آج ایک احتجاجی جلوس نکالا گیا۔ اس موقع پر آر جے ڈی کے رکن اسمبلی اخترالاسلام شاہین کی قیادت میں آرجے ڈی کے دفتر سے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا علامتی جنازہ نکالا گیا۔
اس علامتی جنازے کو انکم ٹیکس چوراہے پر پہنچ کر اختر الاسلام شاہین نے اسے نذرآتش کیا۔
گزشتہ دنوں سیتامڑھی کے دومرہ تھانہ حلقے سے شک کی بنیاد پر پولیس کے ذریعہ اٹھائے گئے مشرقی چمپارن کے محمد غفران اور محمد تسلیم کی پولیس ٹارچر سے موت ہوئی تھی۔
اختر الاسلام شاہین نے کہا کہ دو بے قصور مسلم نوجوانوں کو پولیس نے شک کی بنیاد پر اٹھایا انہیں تھانے لے جاکر رات کے تین بجے ان کی بے رحمی سے پٹائی کی، جس کی وجہ سے ان کی موت ہو گئی۔
پولیس اس معاملے میں صفائی پیش کر رہی ہے۔ جبکہ وزیر اعلی نتیش کمار خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
رکن اسبملی نے مزید کہا کہ جب سے نتیش کمار نے بی جے پی سے اتحاد کیا ہے، مسلمانوں پر ظلم کا سلسلہ دراز ہو گیا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی عدالتی جانچ کرائی جائے اور ہلاک ہونے والوں کے ورثاء کو معاوضہ دیا جائے۔
وہیں شاہین کے ذریعے نکالے گئے اس احتجاجی جلوس کو الیکشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی مانا جارہا ہے، جبکہ شاہین نے کہا کہ انہوں نے ڈی ایم اور علاقائی الیکشن کمیشن کو اس کی منظوری کے لیے اجازت نامہ بھیج دیا تھا۔