ریاست بہار کے شہر گیا کے کئی محلوں میں بجلی کی فراہمی چوبیس گھنٹے سے رکی ہوئی ہے۔ ایک طرف لوگ کورونا وبا کی وجہ سے نافذ لاک ڈاؤن کے پیش نظر گھروں میں بند ہیں اور انہیں متعدد مشکلات کا سامنا ہے تو وہیں دوسری طرف محکمہ بجلی کے ناقص نظام کی وجہ سے بھی لوگ پریشان ہیں۔
شہر کے چھ نمبر اور سات نمبر لائن میں گیوال بیگہ، کوٹلیاپور ، رام پور، موہن نگر، پولیس لائن ایئریا، ایس پی کوٹھی ایئریا، وہائٹ ہاوس ایئریا، ڈلہا اور کریم گنج وغیرہ کے علاوہ کئی علاقے اندھیرے میں ہیں۔
بچے بوڑھے جوان سبھی بجلی نہیں ہونے کی وجہ سے پریشان ہیں۔ وہیں گیا میں ریکارڈ گرمی پڑرہی ہے، سخت دھوپ اور گرمی کی وجہ سے لوگ پہلے ہی پریشان ہیں، اوپر سے بجلی کا غل ہونا مشکلوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔
محکمہ بجلی کا کردار صرف بل جمع کرانے تک ہی محدود ہے۔ سنیچر کو دن بھر اور دیرشام تک بجلی کی سپلائی نہیں تھی ۔ جمعہ کی رات کی صورتحال بھی یہی رہی ہے۔ چوبیس گھنٹوں میں صرف کچھ ہی منٹ تک بجلی فراہم کی گئی ہے۔
لوگوں کی شکایت ہے کہ ایک بار بجلی کاٹ دی گئی تو پھر گھنٹوں تک نہیں آتی۔ مقامی لوگوں کے مطابق ملازمین کی لاپرواہی عروج پر ہے، ایک بار بجلی فیڈر میں خرابی آگئی تو گھنٹوں کا وقت لگنا لازمی ہے۔ اگر بجلی کے تار گر جائے تو محکمہ بجلی کے اسٹاف اسے بنانے کے لئے کئی گھنٹوں کے بعد پہنچتے ہیں اور اگر رات میں تار ٹوٹ جائے تو پھر پورے علاقے کی بجلی کی فراہمی منقطع ہوجاتی ہے اور صبح سے پہلے درست کرنے کی کاروائی کبھی کبھار ہی ہوتی ہے۔ ایسے حالا ت میں رات بھر بجلی کی فراہمی نہیں ہوتی ہے۔ بجلی بند ہونے کی وجہ سے عوام کا روز مرہ کا کام درہم برہم ہوگیا۔
بجلی کی فراہمی نہیں ہونے کے سبب لوگوں کو پینے کے پانی کے بحران کی صورتحال کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کورونا وبا کی وجہ سے اسکول وغیرہ بند ہیں اور ابھی آن لائن کلاسز ہو رہے ہیں، بجلی نہیں ہونے کی وجہ سے موبائل اور لیپ ٹاپ وغیرہ چارج نہیں ہوسکے جسکی وجہ سے بچے آن لائن کلاس بھی نہیں کرسکے ۔
مقامی لوگوں کی شکایت رہی ہے کہ بجلی اسٹیشن سمیت بجلی محکمہ کے افسران کو فون کرنے پر کوئی جواب موصول نہیں ہوتا ہے، کئی بار فون کرنے پر اگر کال ریسیو ہو جائے تو جواب ملتا ہے کہ بجلی آجائے گی تاہم کب آئے گی اس کا جواب نہیں ملتا ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق جمعہ کی رات کو مسلم ہوٹل روڈ گیوال بیگہ میں تار گرنے کے بعد گھنٹوں بعد اسے درست کیا گیا، خستہ حال تار اور ٹرانسفرمر کی وجہ سے اور زیادہ پریشانی ہورہی ہے۔ اگر یہی صورتحال رہی تو گرمی کی وجہ سے لوگوں کی طبیعت خراب ہوگی۔
وہیں ایگزیکٹو انجینئر (شہری) دیپک کمار کا کہنا ہے کہ چندوتی گریڈ میں خرابی آگئی تھی، اس کی وجہ سے چھ اور سات نمبر فیڈر سے وابستہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی نہیں ہوسکی۔
انہوں نے کہاکہ اس مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔