گیا: ریاست بہار کے گیا میونسپل کارپوریشن کے دو وارڑوں میں آج بروز جمعہ کو صبح سات بجے سے پولنگ شروع ہو گئی۔ اس پولنگ کی تیاریاں انتظامیہ سطح پر پہلے ہی مکمل کرلی گئی تھیں۔ وارڈ نمبر پندرہ اور وارڈ نمبر چھبیس میں صبح سات بجے سے ووٹنگ شروع ہو چکی ہے۔ گیارہ جون کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔
وارڈ چھبیس نیوکریم گنج سب سے زیادہ سرخیوں میں ہے۔ یہاں وارڈ میں گذشتہ چار دنوں سے مسلسل پولیس کی تعیناتی ہے۔ وہیں جمعرات کو ایس ایس پی آشیش بھارتی نے بتایا کہ کافی تعداد میں پولیس کی تعیناتی کی گئی ہے۔ ووٹنگ میں رخنہ اندازی کرنے والوں یافرضی ووٹ ڈالنے والوں پر کڑی نگاہ رکھی جا رہی ہے۔ دوسری جگہوں سے آنے والوں پر بھی پولیس کی نگاہ ہے۔ ووٹروں کے لیے سیکورٹی کا بھرپور بندو بست کیا گیا ہے۔ رائے دہندگان بے خوف ہوکر نکلیں اور ووٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پرامن ماحول میں انتخاب ہو رہے ہیں۔ سی سی اے اور 107 کے تحت بھی کاروائی ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملی تھی کہ جمعرات کو تشہیری مہم بند ہونے کے بعد بھی تشہیر کرنے کے ساتھ دوسرے وارڑوں کے کاونسلر ووٹروں کو متاثر کرنے کی کوششیں کی جارہی تھی۔ تاہم پولیس کی مستعدی کی وجہ سے وہ کرن ہیں پائے اور پولیس کو دیکھ کر فرار ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ شرارتی لوگوں کی پہچان کرلی گئی ہے، اگر ہنگامہ کیا یا پھر ووٹروں کو ڈرانے کی کوشش کی تو قانونی کارروائی لازمی طور پر ہوگی۔ واضح رہے کہ گیا کے جن دو وارڈوں میں الیکشن ہونا ہے، اس میں ایک وارڈ 26 نیوکریم گنج مسلم اکثریتی وارڈ ہے اور وہاں تین مسلم امیدواروں کے ساتھ ایک غیر مسلم امیدوار سابق ڈپٹی میئر موہن شریواستو بھی میدان میں ہیں۔ یہاں انہیں امیدوار بنانے کیلئے سابق وارڈ کونسلر ابرار احمد نے استعفیٰ دے دیا تھا۔