ڈاکٹر ہرش وردھن نے جمعہ کو ٹویٹ کیا کہ "وزیر اعظم مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ مسٹر مودی کی ہدایت پر ہی میں مظفر پور گیا تھا۔ وزیر اعظم کے مشورہ کے مطابق مرکزی حکومت بہار حکومت کو ضروری اور ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔ ہم اس بیماری سے نمٹنے کے لیے کوشاں ہيں"۔
انہوں نے کہا کہ قومی صحت مشن کے تحت وہاں نازک حالات میں پہنچنے والے مریضوں کو ضروری علاج کے لیے لے جانے کے واسطے آٹھ اضافی ایمبولینس کی تعیناتی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 10 امراض اطفال کے ماہرین کی ٹیمیں اور پانچ پیرا میڈیکل کی ٹیمیں بدھ کو وہاں کے لیے روانہ کی گئی ہیں اور انہوں نے اپنا کام شروع کر دیا ہے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ اس کے علاوہ ضلع کے 16 سینئر افسر دور دراز علاقوں میں اس بیماری کے متاثرین کی نگرانی کے لیے بھیجے گئے ہیں تاکہ معاملوں کی فوری نشاندہی کی جاسکے اور ضروری طبی سہولیت فراہم کی جا سکے۔ ان افسران کے دفتر بھی ان علاقوں میں بلاک سطح پر کھولے گئے ہیں۔