بہار کے درالحکومت پٹنہ کا قلب کہا جانے والا سبزی باغ جہاں آج عوام الناس نے سی اے اے، این پی آر ، این آر سی سمیت دیگر مسائل پر دھرنا و مظاہرہ کیا ۔
پٹنہ کے سبزی باغ پیر بہوڑ تھانے کے نزدیک مقررین نے حکومت مخالف نعرے بازی کی اور کہا کہ سی اے اے، این آ ر سی، این پی آر ہمیں کسی بھی حالت میں منظور نہیں ہے ۔ مقررین کاکہنا تھا کہ یہ قانون ملک کو توڑنے والا ہے لہذا ہم اس قانون کی آخری دم تک مخالفت کرتے رہیں گے۔
مقررین نے مظاہرین پر ملک کے مختلف مقامات پر بالخصو ص ریاست اترپردیش میں پولیس کے مبینہ مظالم کی مذمت کی اور پولیس کے رویے پر تشویش کا اظہار کیا ۔ دھرنے میں طلباءوطالبات، خواتین، بزرگ بچے سمیت کثیر تعداد میں لوگ موجود تھے ۔
مقرر ین کا کہنا ہے کہ سی اے اے سے متعلق حکومت کی نیت صاف نہیں ہے اس لئے ہم اس قانون کی مخالفت کرتے ہیں کیونکہ حکومت کے وزراء کے بیانات تضادات پر مبنی ہیں۔
انہوں نے کہا وزیر اعظم کچھ کہتے ہیں، وزیر داخلہ کچھ کہتے، وزیر قانون کچھ کہتے ہیں۔ لہذا ان بیانات کی روشنی میں ہم اس بات پر پہنچے ہیں کہ سی اے اے، این آر سی، این پی آر کی مخالفت کرنا ہی ملک کے تئیں ہمدردی ہے ۔
مقررین نے کہاکہ سی اے اے این آر سی، این پی آر سے غریبوں، کم پڑھے لکھے مسلمانوں اور غیرمسلموں کا نقصان ہوگا۔ انہیں مالی، معاشی، جسمانی، ذہنی اذیتوں سے دوچار ہونا پڑے گا جو کہ انسانیت کے خلاف ہے اس لئے ہم اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ اور ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس قانون کو واپس لیکر انسانیت نوازی کا ثبوت فراہم کرے ۔