مکر سنکرانتی کے موقع پر بھاگلپور میں واقع گاندھی شانتی پرتشٹھان میں ایک دہی چوڑا بھوج کا اہتمام کیا گیا جس میں سبھی مذاہب کے لوگوں نے ایک ساتھ مل کر دہی چوڑے کا ذائقہ لیا۔ اس کا مقصد ملک میں گنگا جمنی تہذیب اور بھائی جارے اور رواداری کے پیغام کو عام کرنا تھا۔
گاندھی شانتی پرتشٹھان میں مکر سنکرانتی کے موقع پر جمع لوگوں کا ماننا تھا کہ اس زہر آلود فضا میں اس طرح کی تقریب کی اہمیت کافی بڑھ جاتی ہے جہاں ہر مذاہب کے لوگ ایک چھت کے نیچے جمع ہوکر آپس میں خوشیاں بانٹیں اور گاندھی جی کے بھارت کی تشکیل میں اپنا تعاون دیں، جہاں امیر، غریب مسلم اور ہندو سبھی کو اپنے ملک پر ناز ہو اور یکساں مواقع میسر ہوں۔
اس دعوت کا اہتمام سماجی کارکن داؤد علی عزیزی کی طرف سے کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ مکر سنکرانتی ہمیشہ جنوری کی چودہ یا پندرہ تاریخ ہی کو پڑتا ہے کیونکہ اس دن بھارت میں موسم بہار کی آمد کا دن اور نیپال میں ماگھ مہینہ کا آغاز سمجھا جاتا ہے، چنانچہ اس لحاظ سے یہ ایک روایتی تقریب کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جونپور: شرقی بادشاہ کی قبر سنگ مرمر میں تبدیل