ریاست بہار کے ضلع گیا کے دس اسمبلی حلقوں میں ایک دو معمولی جھڑپ کو چھوڑ کر پرامن ماحول میں اسمبلی انتخابات ختم ہوگیا۔ ای وی ایم مشین اسٹاک روم تک صحیح سلامت پہنچا دیے گئے ہیں۔
ای وی ایم جن مقامات پر رکھے گئے ہیں وہاں پر سی آئی ایس ایف سمیت کئی مرکزی فورسیز کو تعینات کیا گیا ہے۔
ایس ایس پی راجیو مشرا نے بتایا کہ پرامن ماحول میں انتخاب ہونا ضلع کے باشندوں کا بڑا تعاون ہے۔ نکسل متاثر علاقوں میں پولیس فورسیز کی گشت کی وجہ سے نکسلیوں کی کمر ٹوٹی ہے۔
انتخابات میں نکسلی واردات کو انجام دینے کی غرض سے کین بم نصب کیا گیا تھا۔ پولیس نے نکسلیوں کی منشاء پر پانی پھیر دیا ہے اور برآمد بم کو ڈفیوز کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: گیا میں زبردست ووٹنگ: اوسطاً 58 فیصدی ووٹنگ درج
ایس ایس پی راجیو مشرا نے بتایا کہ انتخابات کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملے میں بی جے پی کے امیدوار پر کوتوالی تھانہ میں ایف آئی آر درج ہوئی ہے جبکہ انتخابات کے دوران شراب پی کر گڑبڑی پھیلانے کی کوشش کرنے والے چار افراد کو ایک گاڑی سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کے پاس سے شراب بھی برآمد ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ ایک اور شخص کی گرفتاری ہوئی ہے جو سنہ 2015 سے فرار تھا۔ گاڑی چیکنگ کے دوران 27 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جنہیں آج بونڈ پیپر بھرواکر چھوڑ دیا گیا ہے۔ 29 موٹر سائیکل اور دو چار پہیہ گاڑی کو بھی چیکنگ کے دوران پکڑا گیا ہے جن سے چالان وصول کرکے چھوڑ دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پرامن ماحول میں انتخاب کرانے کے لیے ضلع پولیس مسلسل کام کر رہی تھی۔ کہیں سے بھی ناخوش گوار واقعات پیش آنے کی اطلاع نہیں ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ گیا کے امام گنج بارہ چٹی ٹکاری اور گروا واتری کے کئی ایسے علاقے ہیں جو انتہائی حساس علاقے ہیں، جہاں ماضی کے انتخابات کے دوران مجرمانہ واقعات پیش آئے ہیں۔