گیا:ریاست بہار کے کئی مقامات پر محرم الحرام کا مہینہ شروع ہوتے ہی معمولی تنازع کی وجہ سے کشیدگی پیدا ہوئی ہے۔اس کے پیش نظر حکومت بہار نے سبھی ضلعے کو الرٹ کردیا ہے۔ اطلاع کے مطابق خفیہ ایجنسی نے بھی حکومت کو اپنی رپورٹ میں الرٹ کیا ہے اور بتایا ہے کہ انتظامیہ حساس ہوکر پہلے سے ہی حالات کو قابو کرے اور شرپسند عناصر پر نگاہ رکھے ۔ انتظامیہ بھی محرم کو پرامن ماحول میں اختتام کرانے کے قواعد شروع کر دیا ہے۔
آج گیا کلکٹریٹ میں ڈسٹرک مجسٹریٹ ڈاکٹر تیاگ راجن ایس ایم اور ایس ایس پی آشیش بھارتی کی مشترکہ صدارت میں امن کمیٹی ، کربلا کمیٹی اکھاڑا کمیٹی سمیت سرکاری اہلکاروں کے ساتھ میٹنگ کی اور کئی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈی ایم نے کہا کہ گزشتہ تہواروں پر نظر ثانی کی جائے کہ ضلع میں کن کن مقامات پر کشیدگی پیدا ہوئی تھی اور کون سے مقامات حساس ہیں اُن عناصروں پر بھی نگاہ رکھی جائے جنہوں نے ماحول کو کشیدہ کرنے کی کوشش کی تھی۔
انہوں نے رام نومی تہوار کے موقع پر ضلع کے مختلف مقامات پر پیش آئے تنازعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سخت حفاظتی بندوبست اور ضلع و پولیس کی بروقت کاروائی کی وجہ سے معاملہ طول نہیں پکڑا لیکن یہ تو حقیقت ہے کہ حالات خراب کرنے کی کوشش ضرور کی گئی اس سے سبق لینے کی ضرورت ہے ، بلا تفریق ضلع کے باشندے امن و امان کو بحال رکھنے کے لیے انتظامیہ کو شر پسند عناصر کے حوالے سے مطلع کریں ،حکومت اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ہی جلوس اور اکھاڑا نکالیں تاکہ آگے چل کے کوئی مسائل کھڑے نہیں ہوں ،ضلع انتظامیہ کی جانب سے امن و امان بحال رکھنے اور نظم و نسق کی صورتحال بگڑنے سے روکنے میں امن کمیٹی کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔
ڈی ایم ڈاکٹر تیاگ راجن نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ محرم کو پرامن ماحول میں اختتام کرانے کے لیے ضلع انتظامیہ حساس ہے اور اپنی سطح سے ہر ممکن کوشاں ہے پولیس فورس اور مجسٹریٹ کی تعیناتی کی جائے گی چونکہ گیا شہر میں اہم مقام اقبال نگر میں واقع کربلا ہے جہاں پانچ محرم سے بڑی تقریب انجام پانی شروع ہو جاتی ہے تو اس صورت میں وہاں ہر دن پولیس کی تعیناتی کے ساتھ کربلا تک پہنچنے والے اہم راستوں پر بھی نگاہ رکھی جائے گی۔ ساتھ ہی انتظامیہ کی جانب سے میونسپل کارپوریشن کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بجلی پانی صفائی کے انتظامات کو یقینی بنائیں کیونکہ 10 اور 11 محرم کو بڑا جلوس پورے شہر اور اطراف کے علاقوں سے نکل کر کربلا تک پہنچتا ہے۔ اس کو لیکر اہم راستوں پر حفاظتی نقطہ نظر سے بجلی کاٹ دی جاتی ہے تو اس صورت میں راستے پر متبادل روشنی کا انتظامات کرنے کو کہا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خود انہوں نے کربلا پہنچ کر جائزہ لیا ہے اور ہدایت دی ہے کہ صفائی ستھرائی کے ساتھ میڈیکل ٹیم، پانی ،موبائل ٹوائلٹ کا انتظام ہو ایس ایس پی آشیش بھارتی نے بتایا کہ حساس مقامات کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور جن علاقوں سے جلوس اور اکھاڑے نکالے جائیں گے ان کی کمیٹیوں سے متعلقہ تھانہ رابطہ کر کے وقت اور کن راستوں سے ان کا گزر ہوگا اس پر وہ تبادلہ خیال کریں گے سبھی تھانوں کو اپنے اپنے علاقے میں الٹ پر رکھا گیا ہے 30 تاریخ تک پولیس جوان و افسران کی چھٹی منسوخ کر دی گئی ہے سی سی ٹی وی کیمرے ڈرون کیمرے اور ویڈیو گرافی سے نگاہ رکھی جائے گی دفعہ 107 کے تحت کاروائی کی جا رہی ہے ۔
یہ بھی پڑھیں:Muharram Juloos گیا: محرم کے پیش نظر کربلا میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی ہوگی
کربلا کے خادم ڈاکٹر سید شبیرعالم نے بتایاکہ کربلا میں سبھی تیاری ہوچکی ہے انتظامیہ کی سطح سے ہرطرح سے تعاون مل رہے ہیں جو ابھی کام نہیں ہوا ہے جیسے جن راستوں سے مہندی کا جلوس اور تازیہ جلوس نکلیں ان راستوں پر درختوں کی ٹہنیاں نیچے کی طرف ہیں انکو چھاٹنے کی گزارش انتظامیہ سے کی گئی ہے کل تک توقع وہ بھی کام ہوجائے گا واضح ہوکہ انتظامیہ کی جانب سے ضلع میں محرم کے موقع پر امن وقانون کی صورتحال بحال رکھنے کے لیے کوششیں جاری ہیں ۔