بہار اسمبلی انتخابات 2020 اپنے آخری مرحلے میں ہے، 15 اضلاع کی 78 اسمبلی نشستوں پر آج صبح سات بجے سے ووٹنگ شروع ہوگئی ہے، اس مرحلے میں تقریباً 2 کروڑ 35 لاکھ رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے اور اس کے لیے الیکشن کمیشن نے پورے انتظامات کر رکھے ہیں۔
پٹنہ پولیس ہیڈ کوارٹر کے اے ڈی جی جتیندر کمار نے بتایا کہ تمام پولنگ اسٹیشنوں پر مرکزی سکیورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی سرحدی علاقوں جیسے نیپال، بنگال سے متصل علاقوں میں چیک پوسٹ لگائے گئے ہیں، ساتھ ہی ایس ایس بی اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے، تاکہ کسی بھی طرح کی مشکلات پیش نہ آئے۔
جتیندر کمار نے بتایا کہ ندی والے علاقوں میں نگرانی رکھنے کے لیے بھی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی موٹر بوٹ کے ذریعہ بھی ابھی لگاتار نگرانی رکھی جارہی ہے۔کمیشن کی طرف سے ہر چھوٹی بڑی چیزوں کی نگرانی کی جارہی ہے۔ سکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ ابھی تک کسی بھی جگہ سے کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی ہے، پولنگ پرامن طور پر جاری ہے۔