ریاست بہار کے بھاگلپور میں دیوالی کے موقع پر پریدھی پیس سنٹر کی طرف سے "امن کے دیپ" کے عنوان پر ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں سبھی مذاہب کے لوگوں نے شرکت کی اور ملک میں مذہب کے نام پر پھیلی نفرت کے پُر آشوب ماحول میں امن، بھائی چارہ کا پیغام عام کرنے کی کوشش کی گئی۔
پروگرام میں شامل لوگوں کا کہنا تھا کہ کچھ سیاسی پارٹیاں اپنے مفاد کے لیے معاشرے میں نفرت کا زہر گھول رہی ہیں جس کا اثر زائل کرنے کی ضرورت ہے، اس لیے اس طرح کے پروگرام کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے'۔
اس موقع پر سماجی کارکن شیام سرن، تلکا مانجھی یونیورسٹی کے سابق رجسٹرار پروفیسر یوگیندر یادو نے ملک کے موجودہ حالات کے پس منظر میں دیوالی کی اہمیت پر روشنی ڈالی، پروفیسر یوگیندر نے کہاکہ ملک میں ابھی اندھیرے کے گھنگھور بادل چھائے ہوئے ہیں لیکن امید کی جانی چاہیے کہ جلد ہی یہ اندھیرا چھٹے گا اور روشنی کی کرن نمودار ہوگی۔'
پروگرام میں بزرگ سماجی کارکن حاجی عبدالستار کے ہاتھوں شمع روشن کی گئی اور آپسی بھائی چارہ اور امن کا پیغام عام کرنے کی کوشش کی گئی، امن کے دیپ کے عنوان پر منعقدہ اس پروگرام میں سی ڈی پی او چنچلا کماری، خادم اردو حبیب مرشد خان، عین الہدی عرف لڈو وغیرہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور برادران وطن کو دیوالی کی پُر خلوص مبارک باد دی۔ اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔