ریاست بہار کے ضلع گیا میں جن ادھیکار پارٹی کے ضلعی دفتر کے افتتاح کے بعد پارٹی کے قومی سرپرست پپویادو نے کملیش تیواری قتل معاملے کا ذمہ دار اترپردیش حکومت اور فاسسٹ طاقتوں کو ٹھہرایا ہے۔
پپو یادو نے اپنے بیان میں کہا کہ 'حقیقت کے برعکس یوپی کی یوگی حکومت کی پولیس کام کررہی ہے، صحیح سمت جانچ کی کاروائی ہوتو اصلی قاتل پولیس کی گرفت میں ہونگے'۔
انہوں نے کہا کہ 'یوپی کے نظم ونسق کا کیا حال ہے یہ تو سپریم کورٹ نے ہی اپنے تاثرات میں کہہ دیا ہے، وہاں امن و قانون کی مسلسل صورتحال بگڑرہی ہے اور یہ سب یوگی حکومت کی جانکاری میں ہو رہا ہے'۔
پپو یادو نے بغیر کسی چینل یا اخبار کانام لئے کہا کہ 'کچھ میڈیا اس واقعہ کو ہندو بنام مسلم بنانا چاہتی ہے، جبکہ کملیش تیواری کی ماں حقیقت بیانی سے مسلسل کام لے رہی ہیں، حکومت اور پولیس کو ان کے بیان کو سنجیدگی سے لیکر اس ضمن میں جانچ کرنی چاہیے'۔
ساتھ ہی انہوں نے اس معاملے کی تحقیقات سی بی آئی یا پھر عدالتی تحقیقات کرانے کا مطالبہ مرکزی حکومت سے کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'بہار اور یوپی کی صورتحال ایک طرح کی ہوچکی ہے، دونوں حکومتوں کو بنے رہنے کے بجائے استعفی دے دینا چاہئے تھا'۔