ریاست بہار کے بھاگلپور شہر میں اردو زبان سیل زیر اہتمام سبور ایگریکلچرل یو نیورسٹی کے آڈیٹوریم میں فروغ اردو سیمنار کا اہتمام کیا گیا، جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے بہار پبلک سروس کمیشن کے رکن امتیاز احمد کریمی نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امتیاز احمد کریمی نے کہا کہ اردو صرف زبان ہی نہیں بلکہ ہماری تہذیب ہے اور اس تہذیب کو زندہ رکھنا ہماری ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ اپنے بچوں کو ڈاکٹر اور انجینئر بنائیے لیکن اردو کی تعلیم دیتے ہوئے تہذیب و تمدن سے آراستہ ضرور کیجیے۔
اس موقع پر جے پی یو نیورسٹی چھپرہ کے وائس چانسلر پروفیسر فارو ق علی نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ ایک سازش کے تحت اردو کو مذہب سے جوڑ دیا گیا یہیں سے ارد و کی تنزلی کا دور شروع ہوگیا، انہو ں نے کہا کہ لوگ اردو اور ہندی کو سگی بہنیں کہتے ہیں لیکن رویہ سوتن جیسا نبھاتے ہیں، لہذا اس رویہ میں بدلاؤ لانے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر اردو سیل کی ضلع انچارج ڈپٹی کلیکٹر کومل کرن نے کہا کہ اردو یا کسی زبان کو کسی خاص مذہب سے جوڑنا غلط ہے، کیونکہ زبان کا تعلق کسی مذہب سے نہیں ہوتا، انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ضلع سطح پر اردو سیل اردو کے فروغ کے لیے کوشاں ہے اور اس کا خاطرہ خواہ فائدہ بھی ہو رہا ہے، کئی افسران سے اردو سیکھنے کے لیے رابطہ کرتے ہیں کیونکہ اردو چاشنی ہر ایک کو اپنی جانب کھینچتی ہے۔
اس پروگرام کے روح رواں اور کنوینر ڈاکٹر حبیب مرشد نے نظامت کے فرائض انجام دیے، انہوں نے اس پروگرام کی غرض و غایت پر روشنی ڈالی۔
فروغ اردو سیمنار میں سینئر صحافی ریحان غنی اور اردو ایکشن کمیٹی کے صدر اشرف النبی قیصر نے بھی شرکت کی اور فروغ اردو کے تعلق سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ریحان غنی نے کہا کہ حکومت اپنی سطح پر اردو کی ترقی کے لیے کوشاں ہے اور خرچ بھی کر رہی ہے لیکن خود اردو والوں کو اپنا محاسبہ کرنے کی ضرورت ہے، اس کے علاوہ اردو کونسل کے اسلم جاویداں، تاراپور کالج کے اسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شاہد رضا جمال، ڈپٹی میئر صلاح الدین احسن اور دیگر معززان کرام نے بھی شرکت کی۔ پروگرام میں اردو ٹیچروں کی بڑی تعداد سامعین کے طور پر موجود تھے۔
مزید پڑھیں:Conducting Urdu Seminar اردو زبان سیل پٹنہ کے زیراہتمام فروغ اردو سمینار و مشاعرہ کا انعقاد