پٹنہ: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج اسمبلی میں بتایا کہ مظفر پور مجرمانہ واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے اور حکام سے اس واقعے کے ہر پہلو پر غور کرنے کو کہا گیا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اراکین کے ہنگامے کے درمیان منگل کو اسمبلی کی وقفہ طعام سے قبل کی کارروائی میں مداخلت کرتے ہوئے نتیش کمار نے کہا کہ مظفر پور واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیاہے اور متعلقہ حکام کو اس معاملے کے ہر پہلو پر غور کرنے کو کہا گیا ہے۔ انہوں نے ایوان کو یقین دلایا کہ انکوائری رپورٹ آنے کے بعد کارروائی کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ کے جواب سے غیر مطمئن نہ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر وجے کمار سنہا نے کہا کہ ایوان محض یقین دہانیوں کی بنیاد پر نہیں چل سکتا۔ انہوں نے نتیش حکومت میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے کوٹے سے وزیر محمد اسرائیل منصوری کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا۔ وجے کمار سنہا نے کہا کہ راہول کمار کا اس سال 9 فروری کو قتل کیا گیا اور آج تک اس قتل میں ملوث مذکورہ وزیر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی افسر اس وقت تک اس واقعے کا نوٹس نہیں لے گا جب تک وہ وزارتی عہدہ پر فائز رہیں گے، اس لئے منصوری کو تحقیقات مکمل ہونے تک برطرف کیا جائے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کو ’نہ تو کسی کو بچانے اور نہ کسی کو پھنسانے' کی ان کی پالیسی یاد دلائی اور کہا کہ یہ ایک ہائی پروفائل کیس ہے اور واقعے کے 15 دن گزر جانے کے بعد بھی کارروائی شروع نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ چاہیں تو ایک گھنٹے میں تحقیقاتی رپورٹ آ سکتی ہے۔
یو این آئی