ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں جے ڈی یو کے رہنما جاوید اقبال انصاری نے آر جے ڈی کی رکنیت اختیار کرنے کے بعد وزیراعلیٰ نتیش کمار کی کارکردگی پر سوال کھڑے کرتے ہوئے تمام اقلیتی اداروں کو مفلوج کرنے کا الزام لگایا ہے۔
واضح رہے کہ ریاست میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں، رہنماؤں کے ذریعہ ایک پارٹی کو چھوڑ کر دوسری پارٹی میں شامل ہونے اور رکنیت لینے کا سلسلہ جاری ہے۔
اسی ضمن میں جے ڈی یو کے سابق وزیر سیاحت جاوید اقبال انصاری نے آر جے ڈی کی رکنیت اختیار کی ہے۔
انہوں نے رکنیت حاصل کرنے کے بعد حکومت پر مسلمانوں کو نظر انداز کر نے کا الزام عائد کیا ہے۔
جاوید اقبال انصاری نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی ملاقات میں کہا کہ وہ اپنی پرانی پارٹی میں واپس ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نتیش کمار نے 'آر ایس ایس مکت بھارت' کی بات کی تھی اس لیے ہم لوگ ان کے ساتھ آ گئے تھے، لیکن انہوں نے اسی آر ایس ایس کو قبول کرلیا۔
جاوید اقبال انصاری نے نتیش کمار پر اقلیتی اداروں کو مفلوج کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کی مسیحائی کا دعویٰ کرنے والے نتیش کمار کی حکومت نے اقلیتی اداروں کو مفلوج کردیا ہے۔
انہوں نے نتیش کمار سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ کیا صرف قبرستانوں کی حصار بندی کرانا ہی مسلمانوں کی بھلائی ہے؟